جنرل نیوز

اے پی سی آر تلنگانہ کے وفد کی فہیم الدین قریشی سے ملاقات ، حکومت سے نمائندگی

جاری ایس آئی آر عمل میں عوامی سہولت، دستاویزی آسانی اور مدت میں توسیع ناگزیر

اے پی سی آر تلنگانہ کے وفد کی فہیم الدین قریشی سے ملاقات ، حکومت سے نمائندگی

 

 

ایسوسی ایشن فار پروٹیکشن آف سول رائٹس (APCR) تلنگانہ کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ محمد عثمان کی قیادت میں ریاستی ایگزیکٹو کمیٹی کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے جناب محمد فہیم الدین قریشی، vice chairman and صدر TMREIS سے ملاقات کرکے جاری اسپیشل اِنٹینسیو ریویژن (SIR) عمل سے متعلق عوام کو درپیش مسائل، زمینی حقائق اور ان کے ممکنہ حل پر تفصیلی نمائندگی پیش کی۔وفد نے بتایا کہ APCR تلنگانہ گزشتہ کئی ہفتوں سے ریاست بھر میں عوامی بیداری مہم، رضاکاروں کی تربیت، قانونی رہنمائی مراکز اور فیلڈ ہیلپ ڈیسک کے ذریعے عوام کی رہنمائی کر رہی ہے۔

 

اس دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ سخت دستاویزی تقاضوں، معلومات کی کمی اور انتظامی دشواریوں کے باعث بالخصوص معاشی طور پر کمزور طبقات، یومیہ مزدور، اقلیتی برادریوں اور دور دراز علاقوں کے عوام کو SIR عمل میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جس کے نتیجے میں ہزاروں اہل ووٹرز کے نام انتخابی فہرستوں سے خارج ہونے کا اندیشہ پیدا ہو گیا ہے۔اس موقع پر APCR تلنگانہ نے حکومت کے سامنے درج ذیل اہم مطالبات پیش کیے:دیگر ریاستوں کی طرز پر شہری اور دیہی مقامی اداروں نیز Mee Seva مراکز کے ذریعے مستقل رہائشی سرٹیفکیٹ (Permanent Residence Certificate) جاری کرنے کا آسان اور فوری نظام نافذ کیا جائے

 

۔تمام بوتھ لیول آفیسرز (BLOs) کی مقررہ مراکز پر باقاعدہ اور یقینی موجودگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو بروقت رہنمائی اور سہولت میسر آسکے۔موجودہ SIR عمل کی مدت میں کم از کم تین ماہ کی توسیع کی جائے تاکہ تمام اہل شہری اطمینان کے ساتھ مطلوبہ دستاویزات فراہم کر سکیں۔ریاست کی 2015–2016 ذاتی مردم شماری (Caste Census) کے ریکارڈ کو سرکاری پورٹل پر اپ لوڈ کیا جائے تاکہ شہری آسانی سے اپنی معلومات کی تصدیق کر سکیں اور مطلوبہ دستاویزات کی فراہمی میں سہولت حاصل ہو

 

۔وفد نے اس موقع پر ریاست کے معزز وزیر اعلیٰ سے بھی ملاقات کی خواہش ظاہر کی تاکہ انہیں عوامی خدشات، زمینی حقائق اور APCR تلنگانہ کی تجاویز سے براہِ راست آگاہ کیا جا سکے۔ تاہم معلوم ہوا کہ وزیر اعلیٰ اے ریونت ریڈی ضلع کھمم کے دورے پر ہونے کے باعث حیدرآباد میں موجود نہیں تھے، جس کی وجہ سے ان سے ملاقات ممکن نہ ہو سکی۔ وفد نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی وزیر اعلیٰ سے ملاقات کا موقع فراہم ہوگا تاکہ یہ نمائندگی ان کی خدمت میں بھی پیش کی جا سکے۔اے پی سی آر تلنگانہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ عوام کے آئینی حقِ رائے دہی کے تحفظ کے لیے اپنی قانونی، سماجی اور عوامی خدمات جاری رکھے گی اور حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعمیری تعاون کے لیے تیار ہے، تاکہ کوئی بھی اہل شہری محض دستاویزی یا انتظامی رکاوٹوں کی وجہ سے اپنے حقِ رائے دہی سے محروم نہ ہو۔

ڈاکٹر شیخ محمد عثمان جنرل سیکریٹری،اے پی سی آر تلنگانہ کے ہمراہ ریاستی ایگزیکٹو ممبران محمد کلیم الدین، مسعود احمد صہیب، جنید محمد ایڈوکیٹ اکرم الحق،ایڈوکیٹ اے آر خان خالد ،ایڈوکیٹ سید شوکت علی،سہیل احمد انصاری وفد میں شامل تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button