حج 2025: حجاج کی منی خیمہ بستی سے روانگی – ایک سال کیلئے منیٰ خالی ہونے لگا

کے این واصف
حجاج کرام منی کی عارضی خیمہ بستی سے پر نم آنکھوں سے دعائیں کرتے ہوئے روانہ ہونے لگے۔ کچھ حجاج جو ۱۳ ذوالحجہ کو بھی رمی کرتے ہیں وہ آج ظہر کے بعد منی سے نکل جائیں گے۔ اس طرح منی کی یہ خیمہ بستی ایک سال کے لئے ویراں ہوجائے گی۔ حج 2025 کے ایام تشریق کے دوسرے اور حج کی تیسری رمی کا آغاز 12 ذی الحجہ کی صبح سے ہی کر دیا گیا تھا۔
بیشتر حجاج نے 12 ذی الحجہ کی رمی زوال آفتاب کے بعد شروع کی تاکہ غروب سے قبل منیٰ کی حدود سے نکل سکیں۔ غروب تک رک جانے والے حجاج کل ایام تشریق کی تیسری رمی بھی کریں گے جس میں وہ تینوں شیطانوں یعنی جمرہ عقبہ، وسطی اور صغرہ کو سات سات کنکریاں ماریں گے ۔حج 1446 ہجری کے مراحل تیسرے دن کی رمی کے ساتھ ہی مکمل ہو جائیں گے
جس کے بعد حجاج کرام مکہ مکرمہ میں اپنی رہائش گاہوں میں منتقل ہوں گے جس کے ساتھ ہی مشاعر مقدسہ کی عارضی خیمہ بستیاں جہاں سال بھر میں چند دنوں کی رونق ہوتی آئندہ برس تک کے لیے خالی ہو جائے گی۔ تیسرے دن حج کی رمی کے حوالے سے سکیورٹی فورسز کے انتظامات غیرمعمولی رہے۔سکیورٹی اہلکاروں کے اضافی دستے جمرات پل کو جانے اور واپسی کے راستوں میں فرائض انجام دیتے رہے تاکہ حجاج کی آمد ورفت کو منظم رکھا جا سکے۔
ہلال الاحمر کی ٹیموں کے علاوہ مکہ مکرمہ کے بیشتر شہری مکہ مکرمہ کی حدود میں داخل ہونے والے حجاج کا استقبال پھلوں سے کرتے رہے اور ٹھنڈے پانی کی بوتلیں بھی ان میں تقسیم کیں۔