فیملی ڈیجیٹل کارڈ۔ تلنگانہ حکومت کا عوام کو ضروری مشورہ

حیدرآباد۔ ریاست تلنگانہ میں فیملی ڈیجیٹل کارڈ کی اجرائی سے متعلق ایک ضروری اعلان کیا گیا ہے۔ فیملی ڈیجیٹل کارڈ جاری کرنے کے لیے محکمہ سیول سپلائیز کی جانب سے اپلی کیشن جاری کرنے سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں پر ریاستی حکومت نے رد عمل ظاہر کیا ہے
واضح کیا گیا ہے کہ تلگو زبان میں فیملی ڈیجیٹل کارڈ اپلی کیشن ابھی تک تیار نہیں کیا گیا ہے اور کسی بھی طرح کی درخواستیں قبول نہیں کی جا رہی ہیں۔ حکومت کو اس بات کا پتہ چلا کہ فیملی ڈیجیٹل کارڈ کے لیے تلگو میں ایک اپلی کیشن تیار کرتے ہوئے دستیاب رکھے جانے کی سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔ اس دوران بعض دلالوں کی جانب سے اپنے ذاتی مفاد کے لیے درخواستوں کا اندراج بھی کیا جا رہا ہے۔ حکومت نے واضح کیا کہ ڈیجیٹل کارڈ کے لیے تلنگانہ حکومت کی جانب سے کسی بھی طرح کی درخواستیں تیار نہیں کی گئی ہیں۔
محکمہ سیول سپلائیز کی کمشنر ڈی ایس چوہان نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ دھوکے بازوں کی باتوں میں آکر دھوکہ دہی کا شکار نہ ہوں۔