کومی‘ کی جانب سے آئندہ ماہ منشیات مخالف بیداری ریالی : ایم ایس فا روق

حیدرآباد(پریس نوٹ) کنفیڈریشن آف مائناریٹی انسٹی ٹیوشنس کمیٹی کاایک اجلاس جمال الدین قادری کی رہائش گاہ پر ایم ایس فاروق کی صدارت میں منعقد ہوا۔اس موقع پر نوجوانوں میں بڑھی ڈرگس کی عادت جس سے بڑھتے تشدد و قتل وغارت گیری کے واقعات، طلبہ کوڈرگس کے نقصانات اور عادت سے واقف کروانا،منشیات مخالف بیداری ریالی، اسکولس وکالجس کے پرنسپل کیلئے تہنیتی تقریب،اسپورٹس ڈے اور ایجوکیشنل ایکسپو سمیت دیگرموضوعات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
اجلاس میں یہ طئے کیاگیا کہ اگست کے دوسرے یا تیسرے ہفتہ میں منشیات مخالف بیداری ریالی نکالی جائے گی جس میں جڑواں شہروں کے مختلف اسکولس سے طلبہ سمیت پانچ ہزار افراد کی شرکت کو یقینی بنایاجائے گا۔ اس ریالی کے ذریعہ لوگوں میں منشیات کے تعلق سے بیداری پیدا کی جائے گی۔ ریالی کے علاوہ اس موضوع پر ماہرین کا لیکچر منعقدکرنے کا بھی فیصلہ کیاگیا۔
نارکوٹک ڈپارٹمنٹ سے مقررین کو مدعوکیاجائے گا جوکہ منشیات کے موضوع پر تفصیلی گفتگو کریں گے۔ اجلاس میں اس بات کابھی فیصلہ کیاگیاکہ خانگی وسرکاری اسکولس،جونیئر کالج کے پرنسپل اور لیکچررس کوتہنیت پیش کرنے کیلئے آل انڈیا مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی کے اشتراک سے5ستمبر کوایک تہنیتی تقریب منعقدکی جائے گی۔
آئندہ چھ مہینوں کے اندر اسپورٹس ڈے اور ایجوکیشنل ایکسپو منعقدکرنے کابھی فیصلہ کیاگیا۔ اس سے پہلے منعقدہ ایس ایس سی ایوارڈ تقریب پربھی اطمینان کااظہار کیاگیا اوراس کومزید بہتربنانے پر تجاویز دی گئیں۔ اجلاس کے دوران پرانے شہر میں نکالی جانے والی ریالی کیلئے احمد ادریس شریف کو کنوینر اور سید جمال الدین قادری کومعاون مقررکیاگیا جبکہ نئے شہر میں منعقد کی جانے والی ریالی کیلئے ہدایت علی خان کوکنوینر اور وسیم النساء کومعاون کنوینر مقررکیاگیا۔
منظور احمد کی دعا پراجلاس کا اختتام ہوا۔ اس موقع پر ایم ایس فاروق (صدر)،خلیل الرحمن(جنرل سکریٹر)، سید جمال الدین قادری،منظور احمد، نسرین فاطمہ، وسیم النساء،اکرام، ہدایت علی خان، محمد نذیر الدین اور نوید باشاہ موجودتھے۔