جرائم و حادثات

حیدراباد کے مضافاتی علاقہ معین آباد میں دو مسلم معمر خواتین کا بہیمانہ قتل – قرض کی رقم واپس مانگنے پر انتقام

قرض کی رقم واپس مانگنے پر دو خواتین کا بے رحمانہ قتل، فارم ہاؤس کے قریب دفن لاشیں برآمد

 

حیدرآباد: قرض کی رقم واپس مانگنا دو خواتین کیلئے جان لیوا ثابت ہوا۔ وقارآباد ضلع کے تانڈور سے  لاپتہ ہونے والی دو مسلم خواتین کے سنسنی خیز قتل معمہ کو پولیس نے حل کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمین نے قرض واپس کرنے کے بہانے دونوں خواتین کو فارم ہاؤس طلب کر کے قتل کر دیا اور لاشوں کو زمین میں دفن کر دیا۔

 

تانڈور رورل سرکل انسپکٹر پروین کمار ریڈی کے مطابق بشیرآباد منڈل کے قاسم پور علاقہ سے تعلق رکھنے والی 60 سالہ عابدہ بیگم، جو آنگن واڑی آیا کے طور پر کام کرتی تھیں، 5 مئی کو گھر سے نکلنے کے بعد لاپتہ ہوگئی تھیں۔ ان کے بیٹے نے 9 مئی کو بشیرآباد پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی۔

 

پولیس نے کال ڈیٹا اور تکنیکی شواہد کی بنیاد پر تحقیقات شروع کیں تو پتہ چلا کہ تانڈور کی اندراما کالونی سے تعلق رکھنے والی کریم بی، اس کے شوہر رحمان، اور معین آباد منڈل کے تولکٹہ علاقہ میں واقع داسری پدما فارم ہاؤس کے سکیورٹی گارڈ نعیم نے مل کر عابدہ بیگم کا قتل کیا۔

 

تحقیقات کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ دو ماہ قبل لاپتہ ہونے والی 65 سالہ محبوبہ بیگم کو بھی انہی ملزمین نے قتل کر کے فارم ہاؤس کے قریب دفن کر دیا تھا۔

 

پولیس کے مطابق ملزمین نے تین ماہ قبل محبوبہ بیگم سے 20 ہزار روپے قرض لیا تھا۔ جب انہوں نے رقم واپس مانگی تو انہیں فارم ہاؤس بلا کر سکیورٹی گارڈ نعیم کی مدد سے قتل کر دیا گیا۔ اسی طرح عابدہ بیگم سے بھی ڈیڑھ لاکھ روپے قرض لیا گیا تھا اور رقم واپس کرنے کے بہانے انہیں فارم ہاؤس طلب کر کے قتل کر دیا گیا۔

 

ملزمین نے قتل کے بعد دونوں خواتین کے گلے سے سونے کے زیورات بھی لوٹ لیے۔ پولیس نے بتایا کہ عابدہ بیگم کے موبائل کی آخری لوکیشن معین آباد کے تولکٹہ علاقہ میں ملی تھی، جس کے بعد وہاں تفتیش تیز کی گئی۔ پوچھ تاچھ میں سکیورٹی گارڈ نعیم نے پورا جرم قبول کر لیا۔

 

پولیس نے ہفتہ کے روز ملزمین کو جائے واردات پر لے جا کر کلوز ٹیم کی مدد سے شواہد اکٹھا کیے اور دونوں خواتین کی نعشیں برآمد کیں۔ محبوبہ بیگم کی نعش سے صرف ہڈیاں اور بال ہی مل سکے۔ پولیس نے ملزمین کو حراست میں لے کر مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button