حیدرآباد میں 110 روپئے کیلئے قتل، ملزمین گرفتار

حیدرآباد: سکندرآباد کے لالہ گوڑ ہ پولیس اسٹیشن حدود میں پیش آئے قتل کے ایک سنسنی خیز معاملے کو پولیس نے حل کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ دونوں کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔
ڈی سی پی سکندرآباد زون رکشیتا کے مورتی اور ایڈیشنل ڈی سی پی جے نرسیا نے بتایا کہ 3 جون کی صبح توکارام گیٹ ریلوے برج کے قریب ایک نامعلوم شخص کی نعش پڑی ہونے کی اطلاع ملی تھی۔ پولیس موقع پر پہنچی تو ایک
شخص خون میں لت پت مردہ حالت میں پایا گیا۔ تحقیقات میں معلوم ہوا کہ اس کے سر پر بڑے پتھروں سے حملہ کر کے قتل کیا گیا تھا۔مقتول کی شناخت تین دن بعد مدھیہ پردیش کے 38 سالہ جئے پرکاش دیش مکھ کے طور پر ہوئی جو
حیدرآباد میں میستری کا کام کیا کرتا تھا۔ وہ 2 جون کو قاضی پیٹ سے سکندرآباد اپنے بھائی سے ملنے آیا تھا۔تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ تکارام گیٹ کے 30 سالہ ونود اور 19 سالہ موہن نے جئے پرکاش سے دوستی کر لی ۔ دونوں اسے
ریلوے اسٹیشن چھوڑنے کا بہانہ بنا کر ایک سنسان مقام پر لے گئے اور رقم و موبائل فون لوٹنے کی کوشش کی۔ مزاحمت کرنے پر ملزمین نے اس کے سر پر بڑے پتھروں سے حملہ کر کے قتل کر دیا اور 110 روپے نقد اور موبائل فون لوٹ
کر فرار ہو گئے۔پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور تکنیکی شواہد کی مدد سے 8 جون کو دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔



