کاماریڈی ضلع حج سوسائٹی کے ژیر اہتمام حجاج کرام کی استقبالیہ ودعائیہ نشست

حاجی گناہوں سے پاک و صاف ہوکر ایسا واپس لوٹتا ہے جیسے آج ہی پیدا ہوا ہو، حجاج کی دعائیں قبول ہوتی ہیں: صدر ضلع حج سوسائٹی کاماریڈی حافظ محمد فہیم الدین منیری
حجاجِ کرام کے استقبالیہ و دعائیہ نشست سے خطاب
کاماریڈی (سیدکوثرعلی کی رپورٹ)
حج اسلام کی عظیم عبادت اور انسان کی زندگی میں روحانی انقلاب کا ذریعہ ہے۔ جو شخص اخلاص کے ساتھ حج ادا کرتا ہے، وہ گناہوں سے اس طرح پاک ہو جاتا ہے جیسے آج ہی پیدا ہوا ہو۔ حجاجِ کرام کی دعائیں اللہ تعالیٰ کے یہاں خصوصی قبولیت کا درجہ رکھتی ہیں، اس لیے انہیں چاہیے کہ وہ اپنی زندگی میں حج کے اثرات کو باقی رکھتے ہوئے دینِ اسلام کی تعلیمات پر استقامت کے ساتھ عمل کریں۔
حج کی قبولیت کا تقاضا یہ ہے کہ حاجی کی زندگی میں نمایاں تبدیلی پیدا ہو۔ وہ نہ صرف ایمانیات اور عبادات بلکہ معاملات، معاشرت، اخلاقیات اور زندگی کے ہر شعبے میں نمایاں فرق اور امتیاز کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے احکام اور نبی کریم ﷺ کی سنتِ مبارکہ کے مطابق زندگی گزارنے کی کوشش کرے۔ حج کے بعد انسان کے اخلاق، کردار، معاملات اور طرزِ زندگی میں مثبت تبدیلی نمایاں ہونی چاہیے تاکہ وہ معاشرے کے لیے ایک بہترین نمونہ بن سکے۔ ان خیالات کا اظہار ضلع حج سوسائٹی کاماریڈی حافظ محمد فہیم الدین منیری نے حجاج کرام کے قافلہ کی استقبالیہ ودعائیہ نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا
واضح رہے کہ حجاجِ کرام کے مبارک قافلے کا حیدرآباد ایئرپورٹ پر مولانا اسماعیل عارفی صاحب، صدر ضلع حج سوسائٹی نظام آباد، اور محمد وسیم صاحب، آرگنائزر ضلع حج سوسائٹی نظام آباد نے استقبال کیا۔ بعد ازاں انہی حضرات کی قیادت میں حجاجِ کرام کا قافلہ نظام آباد جاتے ہوئے کاماریڈی میں توقف کے موقع پر ایک بابرکت دعائیہ نشست کا اہتمام کیا گیا
اس موقع پر الحاج محمد جاوید علی، نائب صدر ضلع حج سوسائٹی کاماریڈی نے استقبالیہ کلمات پیش کیے، جبکہ الحاج مقصود احمد خان ایڈوکیٹ نے حجاجِ کرام کو مبارکباد پیش کی۔
دعائیہ نشست میں حجاجِ کرام نے ملک و ملت کی ترقی و خوشحالی، عالمِ اسلام کے اتحاد، امتِ مسلمہ کی سربلندی اور عالم میں امن و امان کے قیام کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
الحاج سید عظمت علی، محمد فیروز الدین، الحاج شیخ مقیم الدین (صدر مسجد نور)، شیخ جاوید، الحاج شیخ احمد اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
الحاج میر مبشر علی عامر، آرگنائزر ضلع حج سوسائٹی کاماریڈی نے تمام مہمانان ، بالخصوص حجاجِ کرام اور منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اظہارِ تشکر پیش کیا۔




