کورٹلہ کی مشہور و معروف شخصیت و صدر چھوٹی مسجد محمد ریاض الرحمن عرف اسد بھائی کا انتقال۔
کورٹلہ (محمد چاند پاشاہ کی رپورٹ) شہر کورٹلہ کے محلہ بنڈہ پلی سے تعلق رکھنے والی مشہور و معروف شخصیت سابقہ ذرعی مارکیٹ کمیٹی کورٹلہ ڈائریکٹر و موجودہ صدر انتظامی کمیٹی چھوٹی مسجد بنڈہ پلی جناب محمد ریاض الرحمن عرف اسد بھائی (59)سالہ مالک اسد بھائی ہوٹل بمقام چھوٹی مسجد بنڈہ پلی کورٹلہ کا آج گھر میں دوپہر کے وقت قلب پر شدید حملے کے سبب اچانک انتقال ہو گیا۔
مرحوم ریاض الرحمن عرف اسد بھائی جو محلہ بنڈہ پلی کی مشہور و معروف حرکیاتی شخصیت تھے اپنی جانب سے نہ صرف محلہ بنڈہ پلی کے عوامی مسائل بلکہ شہر کورٹلہ کے دینی، فلاحی, رفاحی،سماجی و سیاسی،سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے قوم و ملت کو مستفید کرنے میں پیش پیش رہتے تھے جن کے اچانک انتقال سے نہ صرف محلہ بنڈہ پلی کی عوام بلکہ شہریان کورٹلہ پر سکتہ طاری ہوگیا
اور شہریان کورٹلہ میں شدید غم کی لہر دوڑ گئی اطلاع ملتے ہی مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین، عوامی نمائندے سماجی کارکنان، اور عوام کی کثیر تعداد انکے مکان پر پہنچ کر افراد خاندان کو پرسہ دیا۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو لڑکیاں اور تین لڑکے شامل ہیں مرحوم اسد بھائی کے افراد خاندان کی اطلاع کے بموجب مرحوم کے دونوں چھوٹے لڑکے فلحال خلیجی ملک کویت میں برسر روزگار ہیں جنھیں مطلع کیا گیا ہے جن کی آمد پر تہجیز و تکفین کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



