تلنگانہ

تلنگانہ میں ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی مہم میں سنگین لاپرواہی ؛ ایک کا نام دوسرے کی تصویر – اضلاع جگتیال اور سرسلہ کے فارم کریم نگر کے گنگادھرا پہنچ گئے

کریم نگر:  تلنگانہ کے ضلع کریم نگر کے گنگادھرا منڈل میں ووٹر لسٹ کی خصوصی جامع نظرثانی (SIR) کے عمل میں سنگین بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں۔ ایک گاؤں کے ووٹروں کے اینموریشن فارم دوسرے گاؤں میں پہنچنے سے انتظامی لاپروائی آشکار ہوگئی ہے۔

 

ذرائع کے مطابق کئی فارموں میں ایک شخص کی تصویر اور دوسرے شخص کا نام درج ہے، جس کے باعث بوتھ لیول افسرس (بی ایل اوز) کو فارم تقسیم کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ جگتیال ضلع کے کوڈی میال منڈل کے دبّو تمّیا پلی اور پودور دیہات، نیز سرسلہ ضلع کے نیلوجی پلی اور کودوروپاکا کے ووٹروں کے فارم گنگادھرا گرام پنچایت پہنچ گئے ہیں۔

 

ایک فارم میں گنگادھرا کے رہائشی کا نام درج ہے، جبکہ اس پر مدھورا نگر کے ایک شخص کی تصویر لگی ہوئی ہے۔ مختلف اضلاع اور دیہات کے فارم موصول ہونے سے بی ایل اوز ووٹروں کی شناخت اور فارموں کی تقسیم میں شدید دشواری کا سامنا کر رہے ہیں، جس کے باعث فارموں کی تقسیم کا عمل رک گیا ہے۔

 

علاقے کے ووٹروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر مقررہ وقت میں خصوصی نظرثانی کا عمل مکمل نہ کیا گیا تو ان کے نام ووٹر فہرست سے خارج ہو سکتے ہیں۔ عوام نے الیکشن حکام سے فوری طور پر ان غلطیوں کی اصلاح کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button