خاتون نے نئے عاشق کے ساتھ ملکر پرانے عاشق کا قتل کردیا۔ نعش کو جلا کر دفن کردیا گیا،حیدرآباد میں سنسنی خیز واردات
حیدرآباد: حیدرآباد کے میاں پور پولیس اسٹیشن کی حدود میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک خاتون نے مبینہ طور پر اپنے نئے عاشق کے ساتھ مل کر اپنے ساتھی کو قتل کر دیا اور نعش کو تلنگانہ مہاراشٹرا سرحد کے قریب لے جا کر جلانے کے بعد دفن کر دیا۔
ذرائع کے مطابق آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والی 40 سالہ ستیہ وتی نے اپنے شوہر سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔ بعد ازاں اس کے تعلقات 45 سالہ وینکٹیش نامی رئیل اسٹیٹ تاجر سے قائم ہوئے جو خود بھی اپنی بیوی اور بچوں
سے الگ رہ رہا تھا۔ دونوں میاں پور پولیس اسٹیشن کی حدود میں بغیر شادی کے ایک ساتھ رہنے لگے تھے۔پولیس ذرائع کے مطابق کچھ عرصے بعد ستیہ وتی کے ایک اور شخص سے تعلقات قائم ہو گئے۔ مبینہ طور پر خاتون اور اس شخص نے
مل کر وینکٹیش کو راستے سے ہٹانے کا منصوبہ بنایا کیونکہ خاتون کی نظر وینکٹیش کی جائیداد پر تھی۔بتایا جا رہا ہے کہ گزشتہ سال نومبر میں ایک رات جب وینکٹیش سو رہا تھا دونوں ملزمان نے مبینہ طور پر اس کا گلا گھونٹ کر قتل کر دیا۔
قتل کے بعد وہ نعش کو ایک گاڑی کے ذریعے تلنگانہ-مہاراشٹرا سرحد کے قریب ایک گاؤں لے گئے جہاں نعش کو نذرِ آتش کرنے کے بعد دفن کر دیا گیا۔واقعے کے بعد دونوں حیدرآباد واپس آ گئے۔ بعد ازاں ستیہ وتی نے مبینہ طور پر وینکٹیش کے
لاپتہ ہونے کا ڈرامہ کرتے ہوئے میاں پور پولیس اسٹیشن میں گمشدگی کی شکایت درج کرا دی۔پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کیں تو کچھ باتیں مشکوک محسوس ہوئیں۔ تفتیش کے دوران پولیس نے وینکٹیش اور ستیہ وتی کے
موبائل فون کال ریکارڈز کی جانچ کی جس سے معلوم ہوا کہ خاتون ایک دوسرے شخص سے مسلسل رابطے میں تھی۔ اسی زاویے سے تحقیقات کو آگے بڑھایا گیا تو مبینہ طور پر قتل کی حقیقت سامنے آ گئی۔ذرائع کے مطابق پولیس نے
دونوں ملزمان کو حراست میں لے لیا ہے، تاہم پولیس کی جانب سے ابھی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔ اطلاعات کے مطابق دفن کی گئی نعش کو قبر سے نکال کر حیدرآباد منتقل کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے اور معاملے کی مکمل تفصیلات سامنے آنے کا انتظار ہے۔



