جرائم و حادثات

سرکاری ملازمت اور جائیداد حاصل کرنے بیٹی نے ماں کا قتل کرا دیا، بیٹی سمیت 7 گرفتار

جئے پور : راجستھان کے جئے پور میں ایک دل دہلا دینے والے واقعہ میں سرکاری ملازمت اور جائیداد کے لالچ میں ایک بیٹی نے مبینہ طور پر اپنی ہی ماں کا قتل کرا دیا۔ پولیس کے مطابق 23 سالہ آیوشی شرما نے اپنے چچا اور کزن کے ساتھ مل کر ماں نیرج شرما کے قتل کی سازش رچی اور اس کے لئے 7 لاکھ روپے کی سپاری دی۔

 

پولیس کے مطابق 3 جولائی کی شام تقریباً 4:45 بجے نیرج شرما اپنے 16 سالہ بیٹے کو کوچنگ چھوڑ کر واپس گھر آ رہی تھیں کہ تیز رفتار ایس یو وی (XUV)، جو تقریباً 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی تھی، نے انہیں زور دار ٹکر مار دی۔ شدید ٹکر کے باعث وہ تقریباً 100 فٹ دور جا گریں اور موقع پر ہی دم توڑ دیا، جبکہ ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہوگیا۔

 

تحقیقات کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی بنیاد پر پولیس نے انکشاف کیا کہ یہ حادثہ نہیں بلکہ منصوبہ بند قتل تھا۔ پولیس کے مطابق آیوشی اپنی والدہ کی ملازمت اور جائیداد حاصل کرنا چاہتی تھی۔ والد کی وفات کے بعد ہمدردانہ بنیاد پر ملنے والی سرکاری ملازمت والدہ نے حاصل کر لی تھی، جس پر بیٹی ناراض تھی۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمین نے ایک ماہ تک نیرج شرما کی نقل و حرکت پر نظر رکھی اور منصوبہ بندی کے بعد انہیں گاڑی سے کچل کر قتل کر دیا۔ واردات میں شامل سات افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جن میں مقتولہ کی بیٹی، چچا، اور دیگر ملزمین شامل ہیں، جبکہ ایک ملزم ابھی مفرور ہے۔ قتل میں استعمال ہونے والی XUV بھی برآمد کر لی گئی ہے۔

 

پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے تاکہ سازش کے تمام پہلوؤں کو بے نقاب کیا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button