تلنگانہ

عادل آباد اور ورنگل ایرپورٹس ایئرپورٹس کے افتتاح کی تاریخ طئے

حیدرآباد: تلنگانہ کے وزیرِ اعلیٰ ریونت ریڈی نے کہا ہے کہ ریاست میں ہوابازی کے شعبے کو مضبوط بنانے اور علاقائی رابطے کو فروغ دینے کے لیے حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

 

دہلی کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ مرکزی وزیر برائے شہری ہوابازی رام موہن نائیڈو کے ساتھ ورنگل اور عادل آباد ایئرپورٹس کی ترقی پر مثبت اور نتیجہ خیز بات چیت ہوئی ہے۔

 

وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کا ہدف ہے کہ دونوں ایئرپورٹس کی تعمیراتی سرگرمیاں تیز کی جائیں اور انہیں 2 جون 2028 یعنی تلنگانہ یومِ تاسیس کے موقع پر مکمل کرکے عوام کے لیے افتتاح کیا جائے۔

 

ریونت ریڈی نے کہا کہ اگرچہ تلنگانہ کی آبادی ملک کی کل آبادی کا صرف 2.5 فیصد ہے لیکن ریاست بھارت کی مجموعی قومی پیداوار میں تقریباً 5 فیصد حصہ رکھتی ہے، جو اس کی مضبوط معاشی حیثیت کی عکاسی کرتا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ ریاست کی مزید تیز رفتار ترقی کے لیے عالمی معیار کے ایئرپورٹس ناگزیر ہیں۔وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ ورنگل ایئرپورٹ کا ڈیزائن کاکتیہ تہذیب اور ثقافت کی جھلک پیش کرے گا تاکہ ریاست کے تاریخی ورثے کو نمایاں کیا جا سکے۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی وزیر رام موہن نائیڈو دونوں ایئرپورٹس کی تعمیر میں مکمل تعاون فراہم کر رہے ہیں جبکہ مرکز سے تمام ضروری منظوریوں اور معاونت کے لیے مسلسل رابطہ جاری ہے۔

 

ریونت ریڈی نے اس بات پر زور دیا کہ ریاست اور مرکز کی حکومتیں صرف ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے وفاقی تعاون کے تحت مل کر کام کر رہی ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ اجلاسوں کے دوران وہ باقاعدگی سے دہلی جاتے ہیں اور اس موقع پر مرکزی وزراء سے ریاست کے ترقیاتی منصوبوں پر تبادلۂ خیال کرتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button