جرائم و حادثات

آملیٹ کے مسلہ پر ساس سے جھگڑا… شادی شدہ خاتون نے پھانسی لے لی

حیدرآباد: ریاست آندھرا پردیش ضلع میں ایک شادی شدہ خاتون نے خودکشی کرلی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق خاندانی جھگڑے اور سسرال والوں کی ہراسانی سے دلبرداشتہ ہو کر خاتون نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔

 

یہ واقعہ مقامی سطح پر بحث کا موضوع بن گیا ہے جبکہ پولیس نے کیس درج کر کے تمام زاویوں سے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔پولیس کی تفصیلات کے مطابق بڈّے پلی گاؤں کی رہنے والی 26 سالہ شرمیلا کی شادی ایک سال پہلے ناگراجو سے ہوئی تھی۔

 

شادی کے بعد وہ اپنے شوہر ساس سسر اور دیور کے ساتھ ایک ہی گھر میں رہ رہی تھی۔اس ماہ کی 8 تاریخ کو جب شوہر نوکری ختم کر کے گھر لوٹا تو شرمیلا نے کھانا نکالا۔ معلوم ہوا ہے کہ شوہر کو آملیٹ دیتے وقت پاس ہی کھانا کھا رہے دیور کو آملیٹ نہ دینے پر ساس دمینتی نے اعتراض کیا۔

 

اس بات پر دونوں کے درمیان بحث بڑھ گئی اور بات تکرار تک پہنچ گئی۔شرمیلا کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ جھگڑے کے وقت شوہر نے مداخلت نہیں کی جس کی وجہ سے شرمیلا شدید ذہنی تناؤ اور دلبرداشتہ ہو گئی۔

 

بعد میں جب گھر میں کوئی نہیں تھا تو اس نے پھانسی لگا کر خودکشی کر لی جس کی تصدیق پولیس نے کی ہے۔اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر نعش کو قبضے میں لیا اور پوسٹ مارٹم کے لیے سرکاری ہسپتال منتقل کر دیا۔

 

پولیس نے اس واقعے کا کیس درج کر کے خاندان کے افراد کے بیانات قلمبند کرنا شروع کر دیے ہیں۔ خاندانی جھگڑوں اور ہراسانی کے زاویے سے تفتیش جاری ہے اور مکمل تفصیلات تحقیقات کے بعد سامنے آئیں گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button