سکم میں زیرِ تعمیر سرنگ میں خوفناک حادثہ 7 افراد ہلاک

نئی دہلی: سکم کے ضلع نامچی میں ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا جہاں زیرِ تعمیر ایک سرنگ میں پہاڑی تودہ گرنے اور گیس لیک ہونے کے باعث کم از کم 7 مزدور ہلاک ہو گئے۔
اطلاعات کے مطابق کئی مزدور اب بھی سرنگ کے اندر پھنسے ہوئے ہیں۔یہ حادثہ پیر کی دوپہر ضلع نامچی کے سمرڈانگ اور جولنگ علاقے میں زیرِ تعمیر سرنگ میں پیش آیا۔
ابتدائی اندازوں کے مطابق حادثے کے وقت تقریباً 27 مزدور سرنگ کے اندر موجود تھے۔ضلع نامچی کے محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ نے ایک سرکاری بیان میں تصدیق کی کہ اب تک 7 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔
مہلوک افراد کی نعشوںکو سنگتام ضلعی اسپتال، گانگٹوک کے اسپتال اور نامچی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف ، سکم پولیس، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں انجام دے رہے ہیں۔
ضلع نامچی کی ڈپٹی کمشنر انوپا تاملنگ نے بتایا کہ سرنگ کے اندر تقریباً 27 مزدوروں کے پھنسے ہونے کا امکان ہے، تاہم اندرونی صورتحال کے بارے میں مکمل معلومات نہ ہونے کی وجہ سے حتمی تعداد کی تصدیق فی الحال ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ این ڈی آر ایف کی ٹیم کے اندر جا کر واپس آنے کے بعد ہی یہ واضح ہو سکے گا کہ اندر کتنے افراد موجود ہیں اور ان کی حالت کیا ہے۔حکام کے مطابق حادثے کی اصل وجہ ابھی معلوم نہیں ہو سکی ہے ۔



