شراب کے نشے میں باپ درندہ بن گیا، 5 سالہ معصوم بیٹے کا گلا گھونٹ کر قتل
حیدرآباد: شہر حیدراباد کے بورابنڈہ علاقے میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں شراب کے نشے میں دھت باپ نے اپنے ہی پانچ سالہ معصوم بیٹے کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا۔ واردات کے بعد ملزم فرار ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق، شلپی نگر کے رہنے والے ودیا ساگر (36) نے مبینہ طور پر شراب کے نشے میں اپنے بیٹے وجئے کا گلا گھونٹ دیا۔ واقعہ کے وقت بچے کی ماں درگا کیٹرنگ کے کام پر گئی ہوئی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ رات تقریباً 10 بجے یہ واردات پیش آئی۔
درگا جب صبح گھر واپس پہنچی تو بیٹے کو مردہ حالت میں دیکھ کر صدمے سے دوچار ہوگئی۔ پڑوسیوں کو اطلاع دینے پر واقعہ منظر عام پر آیا۔ مقامی افراد نے پولیس کو اطلاع دی۔
بورابنڈہ پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردیں، تاہم پولیس کو دیکھتے ہی ملزم ودیا ساگر فرار ہوگیا۔ پولیس نے بچے کی موت کا مقدمہ درج کرلیا ہے اور ملزم کی تلاش جاری ہے۔



