جرائم و حادثات

کریم نگر میں فلمی انداز کی ڈکیتی، بندوق کی نوک پر عظمت علی خاندان کو یرغمال بنا کر 66 تولے سونا اور 21 لاکھ روپے لوٹ لئے گئے

کریم نگر میں فلمی انداز کی ڈکیتی، اسلحہ کے زور پر خاندان کو یرغمال بنا کر 66 تولے سونا اور 21 لاکھ روپے لوٹ لیے

 

تلنگانہ کے کریم نگر شہر میں پی ایم جے ڈکیتی کی واردات کو ابھی دو ماہ بھی نہیں گزرے تھے کہ شہر میں اسی طرز کی ایک اور بڑی ڈکیتی نے سنسنی پھیلا دی۔ بھگت نگر کے رہنے والے بزرگ عظمت علی کے مکان میں گھسنے والے مسلح افراد نے گھر والوں کو یرغمال بنا کر 66 تولے سونا، 21 لاکھ روپے نقد اور 10 تولے چاندی لوٹ لی۔

 

یہ واردات منگل کی نصف شب کے بعد پیش آئی۔ عظمت علی اپنے گھر والوں کے ساتھ بھگت سنگھ چوراہے کے قریب واقع مکان کی پہلی منزل پر رہتے ہیں۔ روزانہ کی طرح نیچے کی منزل کی لائٹ بند کرنے کے لئے جیسے ہی وہ نیچے اترے، گھات لگائے ملزمین نے انہیں قابو کر لیا، ان کا منہ بند کر دیا اور انہیں زبردستی گھر کے اندر لے جا کر سر اور چہرے پر تشدد کیا۔

 

ڈاکوؤں نے عظمت علی کی اہلیہ اور دونوں بیٹیوں کو بھی زد و کوب کیا اور پستول و چاقو دکھا کر جان سے مارنے کی دھمکی دی۔ اس کے بعد تمام افراد کو باندھ کر گھر میں موجود 66 تولے سونا، 21 لاکھ روپے نقد اور 10 تولے چاندی لوٹ لی۔ ملزمین جاتے وقت گھر والوں کے موبائل فون بھی ساتھ لے گئے تاکہ وہ کسی کو اطلاع نہ دے سکیں۔ بعد ازاں تمام افراد کو ایک کمرے میں بند کر کے باہر سے تالا لگا دیا۔

 

فرار ہونے سے قبل ملزمین نے پارکنگ میں کھڑی دو موٹر سائیکلیں بھی چوری کر لیں اور انہی پر فرار ہوگئے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ ملزمین ویمول واڑہ بائی پاس کی سمت فرار ہوئے۔ واردات سے متعلق سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے اور پولیس مختلف زاویوں سے تحقیقات کر رہی ہے۔

 

مکان مالک عظمت علی کا کہنا ہے کہ اس واردات میں کسی جاننے والے کا ہاتھ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے  کہا کہ ملزمین شمالی ہند کی ہندی بول رہے تھے  ان کے مطابق ملزمین کو پہلے سے معلوم تھا کہ گھر میں سونا موجود ہے اور یہ بھی جانتے تھے کہ گھر میں صرف بزرگ اور خواتین رہتی ہیں، اسی لیے انہوں نے اس مکان کو نشانہ بنایا۔

 

پی ایم جے ڈکیتی کے بعد اسی نوعیت کی ایک اور مسلح واردات نے کریم نگر شہر میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کر دی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button