اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن کی میعاد میں توسیع

حیدرآباد 23 جولائی (پریس نوٹ) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی (مانو) کے وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن کی مدت کار میں باضابطہ طور پر توسیع کر دی گئی ہے۔
پروفیسر اشتیاق احمد، رجسٹرار نے اس سلسلے میں ایک اعلامیہ جاری کیاہے۔ اعلامیہ کے مطابق محکمہ اعلیٰ تعلیم، وزارتِ تعلیم، حکومت ہند کی جانب سے موصول ہوئے مکتوب مورخہ 22 جولائی 2026 کے بموجب صدر جمہوریۂ ہند نے بحیثیت وزیٹر یونیورسٹی یہ توسیع کی ہے۔
ممتاز فارسی اسکالر پروفیسر سید عین الحسن کو ان کی تعلیمی خدمات اور یونیورسٹی میں جاری ترقیاتی کاموں کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ پروفیسر سید عین الحسن کو 23 جولائی 2021 کو اردو یونیورسٹی کا پانچواں وائس چانسلر مقرر کیا گیا تھا اور انہوں نے 28 جولائی 2021 کو اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا تھا۔ پروفیسر سید عین الحسن نے اپنی مدت کار میں یونیورسٹی کو ترقی دینے کے لیے مسلسل کوشاں رہے۔
انہیں کے دور میں یونیورسٹی کو نَیک کی جانب سے "A+” گریڈ حاصل ہوا۔ اس کے علاوہ QS عالمی رینکنگ اور NIRF کی قومی رینکنگ میں مانو کو بہتر مقام ملا۔ قومی تعلیمی پالیسی کے تحت لاءاسکول کا قیام عمل میں آیا جہاں ایل ایل بی اور دیگر کورسز چلائے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف اختراعی کورسز کا بھی آغاز کیا گیا۔
ان کی خاص دلچسپی سے وارانسی کیمپس کا قیام عمل میں آیا جہاں بی ایڈ کالج کے علاوہ فاصلاتی تعلیم کے خواہشمند طلبہ کے لیے ریجنل سنٹر بھی قائم کیا گیا۔ انہیں جنوری 2025ءمیں حکومت کی جانب سے پدم شری سے بھی نواز ا گیا۔ ان کی میعاد میں توسیع پر یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر اشتیاق احمد ، اساتذہ، غیر تدریسی عملہ اور طلبہ نے انہیں مبارکباد دی۔
اس توسیع پر پروفیسر سید عین الحسن نے اللہ تبارک و تعالیٰ کا اور اربابِ مجاز کا شکر ادا کیا۔ انہوں نے اپنی اگلی میعاد میں بھی یونیورسٹی کو مزید ترقی دینے کے اپنے عزم کا اظہار کیا۔



