قم میں سید جعفر حسین کی تصنیف "شہیدِ اُمت آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ایؒ – تاریخی تشییعِ جنازہ چشم دید رُوداد” کی تقریبِ رونمائی

قم (ایران): معروف صحافی، روزنامہ صدائے حسینی کے ایڈیٹر سید جعفر حسین کی تصنیف "شہیدِ اُمت آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ایؒ – تاریخی تشییعِ جنازہ”چشم دید رُوداد کی پروقار تقریبِ رونمائی شہرِ قم میں منعقد ہوئی۔
تقریبِ رونمائی جامعہ تہران کے شعبۂ تاریخ کے ممتاز پروفیسر، اسلام اور ایران کی تخصصی لائبریری کے ڈائریکٹر اور جامعہ تہران کی مرکزی لائبریری کے سربراہ آغا رسول جعفریان کے ہاتھوں انجام پائی۔
اس موقع پر ممتاز علمی و دینی شخصیات نے شرکت کی، جن میں حجۃ الاسلام سید تقی رضا عابدی (رکن، تلنگانہ حج کمیٹی)، آغا علی قرائی (قرآنِ کریم کے انگریزی مترجم اور سابق مدیر ماہنامہ توحید)، حجۃ الاسلام مولانا سید ضیاء حسین (مدیرِ اعلیٰ ماہنامہ صدائے حسینی اور بانی مؤسسہ عباسیہ اسلامک ریسرچ سینٹر، قم) اور سید عبداللہ حسین (بی اے، ایل ایل بی) شامل تھے۔
شرکائے تقریب نے اس کتاب کو شہیدِ اُمت آیت اللہ سید علی حسینی خامنہ ایؒ کی تاریخی تشییعِ جنازہ چشم ديد رُوداد پر ایک اہم عینی اور تاریخی دستاویز قرار دیتے ہوئے مصنف سید جعفر حسین کی علمی، تحقیقی اور صحافتی خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
مقررین نے کہا کہ یہ تصنیف نہ صرف ایک عظیم تاریخی واقعے کو محفوظ کرتی ہے بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک قیمتی علمی سرمایہ اور مستند حوالہ بھی ثابت ہوگی۔



