کاماریڈی کی بی بی پیٹ پولیس کا جوئے کے اڈے پر چھاپہ، چار افراد کے خلاف مقدمہ درج

بی بی پیٹ پولیس کا جوئے کے اڈے پر چھاپہ، چار افراد کے خلاف مقدمہ درج
کاماریڈی (سید کوثر علی کی رپورٹ)کاماریڈی، 26 جولائی: بی بی پیٹ پولیس اسٹیشن حدود کے یادرام گاؤں کے مضافاتی جنگلاتی علاقے میں قائم ایک جوئے کے اڈے پر پولیس نے اچانک چھاپہ مار کر چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، جبکہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا
۔پولیس کے مطابق، مصدقہ اطلاع پر ایس ایچ او بی بی پیٹ کی قیادت میں پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے جوئے میں مصروف افراد کو پکڑا۔ ملزمین کے قبضے سے 7,662 روپے نقد، 5 موبائل فون، 3 موٹر سائیکلیں اور 52 تاش کے پتے ضبط کیے گئے۔
فرار ملزم کی تلاش جاری ہے۔ضلع ایس پی نے اس موقع پر کہا کہ جوا ایک خطرناک لت ہے، جو انسان کی ذاتی، خاندانی اور معاشی زندگی کو تباہ کر دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد دولت کمانے کی خواہش میں غیر قانونی سرگرمیوں، خصوصاً جوئے اور تاش کے کھیل میں ملوث ہونے والے افراد کو آخرکار قانونی کارروائی، مالی نقصان اور خاندانی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ اپنے مستقبل پر توجہ دیں اور جوئے جیسی برائیوں سے دور رہیں۔ ایس پی نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کہیں جوئے کی سرگرمیوں کی اطلاع ہو تو فوری طور پر ڈائل 100 یا قریبی پولیس اسٹیشن کو مطلع کریں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے



