نیشنل

راجیہ سبھا میں "وندے ماترم” بل منظور، قومی ترانہ کی توہین پر تین سال تک قید کی تجویز

نئی دہلی: راجیہ سبھا نے قومی نغمہ "وندے ماترم” سے متعلق بل منظور کر لیا ہے۔ مرکزی وزیر نتیانند رائے نے یہ بل 24 جولائی کو ایوان میں پیش کیا تھا۔ اس بل کے تحت وندے ماترم کی توہین کرنے یا اس کی ادائیگی کے دوران جان بوجھ کر رکاوٹ ڈالنے کو قابلِ سزا جرم قرار دیا جائے گا۔

 

مرکزی حکومت نے پریوینشن آف انسلٹس ٹو نیشنل آنر ایکٹ، 1971 میں ترمیم کی تجویز پیش کی ہے تاکہ جس طرح قومی ترانے "جن گن من” کو قانونی تحفظ حاصل ہے، اسی طرح وندے ماترم کو بھی وہی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

 

بل پر بحث شروع ہوتے ہی اپوزیشن ارکان نے شدید نعرے بازی کی۔ انہوں نے حالیہ دنوں دہلی میں طلبہ پر پولیس کی کارروائی کا معاملہ اٹھاتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ایوان میں آکر وضاحت دینے کا مطالبہ کیا۔ ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے متعدد بار ارکان سے بحث میں حصہ لینے کی اپیل کی، لیکن احتجاج جاری رہا۔

 

مرکزی وزیر مملکت رام داس اٹھاولے کے بل پر اظہارِ خیال کے دوران اپوزیشن ارکان نے ایوان سے واک آؤٹ کر دیا۔ بل میں یہ بھی تجویز دی گئی ہے کہ وندے ماترم کی توہین کے مرتکب افراد کو زیادہ سے زیادہ تین سال قید کی سزا دی جا سکے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button