جرائم و حادثات

زمین کھودی تو نکلے کروڑوں روپے – تین نیلے ڈرموں میں چھپائے گئے 5 کروڑ نقد برآمد

پریاگ راج: اترپردیش کے پریاگ راج میں پولیس نے ایک مکان کے اندر زمین میں دفن تین نیلے ڈرموں سے تقریباً 5 کروڑ روپے نقد برآمد کئے ہیں۔ 500 روپے کے نوٹوں کی گڈیاں کپڑے میں لپیٹ کر زمین میں چھپائی گئی تھیں۔ یہ کارروائی پریاگ راج سے تقریباً 32 کلومیٹر دور برئی پور گاؤں میں راکیش یادو کے آبائی مکان پر چہارشنبہ کی رات کی گئی۔

 

اطلاعات کے مطابق، 5 سے 6 دن قبل راکیش یادو کا اپنے پڑوس میں رہنے والے بعض افراد سے جھگڑا ہوا تھا، جس کے بعد اس کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔ پولیس جب اس معاملے کی تحقیقات کے لئے پہنچی تو راکیش کی ایک سب انسپکٹر سے بحث ہوگئی۔ اس کے بعد پولیس نے مزید جانچ شروع کی، جس کے دوران مکان میں کروڑوں روپے چھپاکر رکھنے کا معاملہ سامنے آیا۔

 

پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ راکیش کے مکان میں مبینہ طور پر چوری کی رقم زمین میں دفن کرکے رکھی گئی ہے۔ اس اطلاع پر پولیس کمشنر پیوش مورڈیا کی ہدایت پر چہارشنبہ کی شام 6 بجے ڈی سی پی گنگانگر سونم کمار اور اے ڈی سی پی پشکر ورما کی قیادت میں پولیس ٹیم گاؤں پہنچی۔ کارروائی سے قبل پورے گاؤں کی بجلی منقطع کردی گئی اور تلاشی مہم شروع کی گئی۔ اس دوران اے سی پی سوراؤں شیام جیت پرمیلا سنگھ بھی موجود تھے۔

 

پولیس نے تقریباً ساڑھے چار گھنٹے تک تلاشی لی، جس میں زمین کے اندر دبائے گئے تین نیلے ڈرم برآمد ہوئے۔ ان میں کپڑے میں لپیٹ کر نوٹوں کی گڈیاں رکھی گئی تھیں۔ پولیس نے رقم ضبط کرتے ہوئے مکان کو سیل کردیا اور اطراف میں حصار بندی کردی۔ رات تقریباً ساڑھے دس بجے پولیس ٹیم واپس لوٹ گئی۔ راکیش کے بھائی بب لو کو بھی حراست میں لیا گیا ہے، جبکہ پورے خاندان کو پولیس ٹیمیں اپنے ساتھ لے گئی ہیں۔ مکان، باغ اور خالی زمین کے اطراف 40 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔

 

گاؤں والوں کے مطابق، راکیش یادو کئی سال قبل پونے میں اپنے بہنوئی اور سالے کے ساتھ رہتا تھا، جہاں وہ ایک صرافہ تاجر کے مکان پر کام کرتا تھا۔ کورونا وبا کے دوران وہ اپنے گاؤں واپس آگیا۔ اس کے بعد اس نے مبینہ طور پر 22 ایکر زمین خریدی، جس کی قیمت 10 کروڑ روپے سے زیادہ بتائی جاتی ہے۔ اس نے تقریباً ایک کروڑ روپے خرچ کرکے مکان تعمیر کروایا اور دو ٹریکٹر، ڈی جے ساؤنڈ سسٹم اور پک اَپ گاڑی بھی خریدی۔ بعد ازاں اس نے گاؤں میں سیمنٹ اور سریا کا کاروبار شروع کردیا۔

 

راکیش کے چھ بھائی ہیں، جن میں سے وہ اپنے دو بھائیوں راجیش اور لو کش کے ساتھ گاؤں میں رہتا ہے، جبکہ دیگر تین بھائی چھوٹو، راجندر اور ابھیشیک باہر رہتے ہیں۔ ان کے والد رام آدھار کا انتقال ہوچکا ہے۔

 

ڈی سی پی گنگانگر سونم کمار نے بتایا کہ رات ہونے کی وجہ سے چہارشنبہ کو تلاشی مہم روک دی گئی ہے۔ راکیش کے مکان کے اطراف پولیس تعینات ہے اور زمین میں دبائے گئے تین ڈرموں سے کروڑوں روپے برآمد ہوئے ہیں۔ پولیس معاملے کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button