جنرل نیوز

کاماریڈی میں جدید آدھار سروِس سنٹر کا افتتاح، اب ضلع ہی میں آدھار سے متعلق تمام اہم خدمات کی فراہمی، ضلع کلکٹر آشیش سنگھوان

کاماریڈی میں جدید آدھار خدماتی مرکز کا افتتاح، اب ضلع ہی میں آدھار سے متعلق تمام اہم خدمات کی فراہمی، ضلع کلکٹر آشیش سنگھوان

 

کاماریڈی، 29 اکتوبر (سید کوثر علی کی رپورٹ)کاماریڈی ضلع مرکز میں جمعرات کو ضلع کلکٹر آشیش سنگھوان نے نئے آدھار خدماتی مرکز کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس مرکز کے قیام سے عوام کو ضلع ہی میں آدھار سے متعلق بہتر اور معیاری خدمات دستیاب ہوں گی۔ یہ مرکز حیدرآباد کے علاقائی دفتر سے مربوط ہوکر کام کرے گا اور یہاں آدھار کا اندراج، تفصیلات میں ترمیم اور دیگر متعلقہ خدمات فراہم کی جائیں گی۔

 

ضلع کلکٹر نے بتایا کہ تلنگانہ کے 14 اضلاع میں آدھار خدماتی مراکز قائم کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں کاماریڈی ضلع میں مرکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور ریاست میں یہ مرکز قائم ہونے والا 12 واں ضلع ہے۔انہوں نے کہا کہ عام آدھار مراکز کے مقابلے اس مرکز میں خصوصی خدمات بھی دستیاب ہوں گی۔ آدھار سے متعلق شکایات کا ازالہ اور غیر فعال کیے گئے آدھار نمبروں سے متعلق مسائل کی یکسوئی کے لیے ضروری کارروائی بھی یہاں انجام دی جائے گی۔

 

کلکٹر نے کہا کہ ماضی میں آدھار سے متعلق بعض خصوصی خدمات کے حصول کے لیے عوام کو حیدرآباد جانا پڑتا تھا، لیکن اب یہ سہولت ضلع مرکز میں دستیاب ہونے سے عوام کا قیمتی وقت اور سفری اخراجات بچیں گے۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ اس سہولت سے بھرپور استفادہ کریں۔

 

انہوں نے مزید بتایا کہ عوام کو بلا تعطل آدھار خدمات فراہم کرنے کے لیے ہندوستانی منفرد شناختی اتھارٹی (یو آئی ڈی اے آئی) کی جانب سے ایک خصوصی عہدیدار بھی مرکز میں دستیاب رہیں گے۔ یہ مرکز آدھار سے متعلق مسائل کی یکسوئی میں عوام کے لیے معاون ثابت ہوگا۔اس افتتاحی تقریب میں منڈل اسپیشل آفیسر شری دھر ریڈی، ایم پی ڈی او ہبسیبا رانی، ای ڈی ایم پروین اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button