جرائم و حادثات

حیدرآباد میں ملاوٹ مافیا کے خلاف بڑی کارروائی، 25 ٹن نقلی مصالحے ضبط، 3 گرفتار

حیدرآباد میں ملاوٹ مافیا کے خلاف بڑی کارروائی، 25 ٹن مضر صحت مصالحے ضبط، 3 گرفتار

 

حیدرآباد سٹی پولیس کے کمشنر کی ٹاسک فورس اور حیدرآباد فوڈ ایڈلٹریشن سرویلنس ٹیم (H-FAST) نے جی ایچ ایم سی کے محکمہ فوڈ سیفٹی کے تعاون سے شہر میں ملاوٹ مافیا کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں قائم مصالحہ جات کی تیاری اور فروخت کے 13 مراکز اور گوداموں پر دھاوے کئے۔ کارروائی کے دوران تقریباً 25 ٹن مضر صحت اور ملاوٹ شدہ مصالحے ضبط کر لئے گئے جبکہ اس دھندے میں ملوث تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

 

پولیس کے مطابق کارروائی عوام سے موصول ہونے والی مستند شکایات کی بنیاد پر کی گئی۔ تلاشی کے دوران انکشاف ہوا کہ مصالحوں میں صنعتی رنگ، کپڑوں کے رنگ، ٹیلکم پاؤڈر، مصنوعی فوڈ کلرز، رائس بران آئل اور دیگر نقصان دہ کیمیکلز ملا کر انہیں اصل مصالحوں کے نام پر مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا تھا۔

 

ضبط شدہ اشیاء میں اجوائن، زیرہ، شاہ زیرہ، لونگ، سونف، سرسوں، میتھی، سفید تل، زیرہ پاؤڈر، شائننگ پاؤڈر، رائس بران آئل، مصنوعی رنگ اور ملاوٹ کے لیے استعمال ہونے والی مشینیں شامل ہیں۔

 

اس سلسلے میں میلاردیو پلی پولیس اسٹیشن میں دو اور بالاپور پولیس اسٹیشن میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ گرفتار افراد کی شناخت راہول بھاٹی (کٹیڈان)، وشال پنوار اور دولی چند کچھاوار (دونوں بیگم بازار) کے طور پر ہوئی ہے۔

 

پولیس نے بتایا کہ ضبط شدہ مصالحوں اور کیمیکلز کے نمونے لیبارٹری جانچ کے لیے روانہ کر دیے گئے ہیں اور فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ 2006 کے تحت قانونی کارروائی جاری ہے۔

 

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ صنعتی رنگ، ٹیلکم پاؤڈر اور دیگر غیر خوردنی کیمیکلز سے ملاوٹ شدہ مصالحوں کا استعمال جگر، گردوں اور معدے کی بیماریوں، کینسر، الرجی، جلدی امراض اور اعصابی نظام کو شدید نقصان پہنچا سکتا ہے۔

 

پولیس کے مطابق H-FAST نے اپنے قیام کے صرف 140 دنوں میں 659 دھاوے کرتے ہوئے 202 مقدمات درج کئے اور مجموعی طور پر 246 ٹن ملاوٹ شدہ غذائی اشیاء ضبط کی ہیں، جن میں ادرک لہسن کا ملاوٹ شدہ پیسٹ، سڑا ہوا گوشت، مصنوعی پنیر، ملاوٹ شدہ گھی، اچار، چائے پاؤڈر، کیمیکلز سے پکائے گئے پھل اور دیگر غیر معیاری غذائی اشیاء شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button