یو پی آئی لین دین چارجز پر فون پے کے بانی کا اہم بیان

نئی دہلی: لوک سبھا میں یو پی آئی لین دین پر چارجز سے متعلق بل کی منظوری کے بعد ڈیجیٹل لین دین پر فیس عائد کیے جانے کی خبریں گردش کرنے لگی ہیں جس سے عام صارفین میں تشویش پیدا ہوگئی ہے۔
اس پس منظر میں فون پے کے بانی اور سی ای او سمیر نگم نے اہم وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی صارفین سے یو پی آئی لین دین پر کسی قسم کی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔
سمیر نگم نے ’ایکس‘ پر جاری اپنے بیان میں واضح کیا کہ بھارتی صارفین کے لیے یو پی آئی سروس ہمیشہ مفت رہے گی اور ڈیجیٹل لین دین کے لیے انہیں کسی قسم کے چارجز ادا نہیں کرنے ہوں گے۔
واضح رہے کہ لوک سبھا نے پیمنٹ اینڈ سیٹلمنٹ سسٹمز ایکٹ 2007 میں ترمیم سے متعلق بل منظور کیا ہے تاہم ان ترامیم کے تحت کسی شخص کی جانب سے اپنے خاندان کے افراد یا دوستوں کے بینک اکاؤنٹس میں یو پی آئی کے ذریعے بھیجی جانے والی ذاتی رقم پر کوئی چارج عائد نہیں ہوگا۔
وزارتِ فینانس کے ذرائع کے مطابق سالانہ 1.5 کروڑ روپے سے زیادہ کاروباری ٹرن اوور رکھنے والے شاپنگ مالز، کارپوریٹ سپر مارکیٹس اور لگژری ہوٹلز جیسے بڑے کاروباری اداروں میں 2,000 روپے سے زیادہ کی ادائیگیوں پر ہی مرچنٹ ڈسکاؤنٹ ریٹ (MDR) چارجز عائد کیے جانے کا امکان ہےتاہم عوام میں یہ خدشات پیدا ہوگئے تھے
کہ مستقبل میں ان چارجز کا دائرہ دیگر اقسام کے لین دین تک بھی بڑھایا جاسکتا ہے۔ ایسے میں فون پے کے سی ای او کی جانب سے دی گئی وضاحت کو اہم قرار دیا جارہا ہے۔




