77واں جلسۂ یومِ رحمتِ للعالمین ﷺ: آئمہ مساجد سے ملاقات کرکے عوام کو شرکت کی دعوت دینے کی تجویز

حیدرآباد، 7 اگست: کل ہند مجلس تعمیر ملت کے زیرِ اہتمام نمائش میدان میں 26 اگست 2026 کو منعقد ہونے والے 77ویں عظیم الشان جلسۂ یومِ رحمتِ للعالمین ﷺ و یومِ صحابہؓ کی مجلسِ استقبالیہ کا چوتھا اجلاس جمعہ کو بعد نمازِ مغرب مدینہ منشن، نارائن گوڑہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت صدر مجلسِ استقبالیہ انجینئر خواجہ فرید شرفی نے کی۔
اجلاس کا آغاز قاری محمد سلمان کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ عبد رافع نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں نعت پیش کی۔ معتمدِ استقبالیہ رضی الدین نے گزشتہ اجلاس کی کارروائی پیش کی۔ نائب صدر تنظیم ڈاکٹر یوسف حامدی نے سووینئر کمیٹی کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ مضامین کی وصولی اور اشتہارات کے حصول کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے پہلی محفلِ سیرت النبی ﷺ کی رپورٹ بھی پیش کی۔
اجلاس میں مجلس کے سینئر ذمہ داران نے شرکت کی اور اہم تجاویز پیش کیں۔ صدرِ اجلاس انجینئر خواجہ فرید شرفی نے اراکین سے اپیل کی کہ وہ کم از کم پانچ مساجد کا دورہ کرکے ائمہ و خطباء سے ملاقات کریں اور انہیں جلسہ میں شرکت کی دعوت دیں۔ انہوں نے کہا کہ ائمۂ کرام منبر سے جلسہ کی دعوت دیں تو ان شاء اللہ لاکھوں افراد نمائش میدان پہنچیں گے۔
نائب معتمدِ عمومی محمد سیف الرحیم قرشی نے جلسہ کی کامیابی کے لیے اجتماعی کوششوں پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ جلسہ، مختلف مقابلوں کے انعامات اور خواتین کے جلسہ سمیت دیگر انتظامات کے اخراجات مجلسِ استقبالیہ برداشت کرتی ہے۔ پولیس اجازت کے لیے درخواستیں بھی داخل کردی گئی ہیں۔



