تلنگانہ

حیدرآباد سمیت تلنگانہ کے کئی اضلاع میں موسلا دھار بارش، سڑکیں زیر آب

 

حیدرآباد سمیت تلنگانہ کے کئی اضلاع میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ دونوں شہروں حیدرآباد اور سکندرآباد کے علاوہ پرانے شہر کے مختلف علاقوں میں بھی تیز بارش ہو رہی ہے، جس کے باعث عام زندگی متاثر ہوئی ہے۔

 

مسلسل بارش کے نتیجے میں شہر کی کئی اہم سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، جس کی وجہ سے گاڑی سواروں اور راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بعض مقامات پر سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔

 

بارش کے پیش نظر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (GHMC) کے عملے کو چوکس کردیا گیا ہے۔ عملہ نشیبی علاقوں اور پانی جمع ہونے والے مقامات پر پہنچ کر سڑکوں سے پانی نکالنے کے اقدامات کر رہا ہے۔ حکام کی جانب سے پانی کی نکاسی کے لیے ڈیزاسٹر ریسپانس ٹیموں اور متعلقہ عملے کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے۔

 

حکام نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ آئندہ چند گھنٹوں کے دوران بارش کے پیش نظر غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ ضروری کام کے سلسلے میں سفر کرنے والے افراد احتیاط برتیں اور پانی جمع سڑکوں سے گزرنے سے گریز کریں۔

 

جی ایچ ایم سی نے خاص طور پر شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی صورت میں مین ہولز اور دیگر کھلے مقامات کے قریب جانے سے گریز کریں، کیونکہ پانی میں ڈوبے مین ہولز نظر نہ آنے کی وجہ سے حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ حکام کو اطلاع دیں اور موسمی حالات کو دیکھتے ہوئے احتیاط کے ساتھ سفر کریں

متعلقہ خبریں

Back to top button