سڑک حادثہ میں وجئے واڑہ کی ڈی سی پی شیرین بیگم کی بیٹی شیخ آصیفہ جاں بحق
چھٹی کے موقع پر دوستوں کے ساتھ تفریح کے لئے اتوار کو بیچ جانے والی وجئے واڑہ ٹریفک ڈی سی پی شیرین بیگم کی 24 سالہ بیٹی شیخ آصیفہ سڑک حادثے میں جاں بحق ہوگئیں۔
نلاپاڈو پولیس کے مطابق یہ حادثہ گنٹور شہر کے مضافاتی علاقے ایٹوکورو کے قریب پیش آیا۔ حادثے میں کار میں سوار آصفہ کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جبکہ دیگر چار افراد شدید زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق تاڑی پلی سے تعلق رکھنے والے رتوِک، اویناش، سدھیر، شیخ آصفہ اور ومشی آپس میں دوست تھے۔ پانچوں اتوار کی صبح کار میں چیرا ل جانے کے لیے روانہ ہوئے تھے۔
ایٹوکورو کے قریب قومی شاہراہ پر ان کے آگے جا رہی ایک لاری ڈرائیور نے اچانک بریک لگا دی، جس کے نتیجے میں لاری رک گئی۔اور ان کی تیز رفتار کار لاری سے ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں حادثہ پیش آیا.
اسی دوران وجئے واڑہ ٹریفک ڈی سی پی شیریں بیگم کی بیٹی شیخ آصیفہ کی سڑک حادثے میں موت پر آندھرا پردیش کے چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو نے گہرے صدمے کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ عفیفہ کا محض 24 سال کی عمر میں سڑک حادثہ میں دنیا سے چلے جانا انتہائی افسوسناک ہے، جبکہ ان کا مستقبل روشن تھا۔
چیف منسٹر نے آصیفہ کی روح کے ابدی سکون کے لئے دعا کی اور ان کے افراد خاندان سے گہری تعزیت کا اظہار کیا۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ وہ دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ شیریں بیگم اور ان کے خاندان کو اس مشکل گھڑی میں صبر اور حوصلہ عطا فرمائے۔



