کانسٹیبل کی خودکشی کے بعد رشتہ داروں کا ہنگامہ۔ پولیس اسٹیشن میں توڑ پھوڑ اور احتجاج

حیدرآباد: ایل بی نگر پولیس اسٹیشن میں کانسٹیبل کی خودکشی کے واقعہ کے بعد متوفی کے برہم رشتہ داروں نے اسٹیشن میں توڑ پھوڑ کی اور احتجاج کیا۔
تفصیلات کے مطابق کل رات ڈیوٹی پر تعینات کانسٹیبل سائی کمار نے رات 2:30 بجے ایل بی نگر اے سی پی دفتر کے ریسٹ روم میں پھانسی لے لی۔ساتھیوں نے اسے فوری طور پر قریبی ہاسپٹل کیا جہاں ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد اس کی موت کی تصدیق کر دی۔
اعلیٰ حکام نے بتایا ہے کہ کوئی خودکش نوٹ بھی بر آمد نہیں ہوا اور کانسٹیبل نے یہ انتہائی قدم کیوں اٹھایا اس کی وجہ ابھی معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ کانسٹیبل کی موت کی اطلاع کے ساتھ ہی ارکان خاندان اور رشتہ دار برہمی کے عالم میں پولیس اسٹیشن پہنچ گئے۔
سینکڑوں افراد پولیس اسٹیشن کے سامنے جمع ہوگئے اور دھرنا دیا ایک موقع پر احتجاجیوں نے پولیس اسٹیشن میں داخل ہو کراور کمپیوٹر پرنٹر اور فرنیچر کو نقصان پہنچایا اور پولیس عہدیداروں سے بحث تکرار بھی کی۔انھوں الزام لگایا کہ سائی کمار نے خودکشی نہیں کی اور پولیس سے بحث کرتے ہوئے سوال کیا کہ خون کے دھبے کیسے آئے؟
صورتحال کشیدہ ہونے کے بعد پولیس کی بھاری جمیعت تعینات کردی گئی۔ اسی دوران کانسٹیبل کی ماں نے اپنے بیٹے کی موت پر شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کیا۔انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ منگل کی رات ان کی اپنے بیٹے سے بات ہوئی تھی۔ خاتون نے سوال کیا کہ جس کمرے میں ان کے بیٹے کی نعش ملی وہاں سی سی ٹی وی کیمرہ کیوں نہیں تھا؟
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان کے بیٹے کو انسپکٹر کی جانب سے مبینہ طور پر ہراساں کیا جاتا تھا۔




