حیدرآباد میں معمولی بات پر دوست کے ہاتھوں دوست کا قتل

حیدرآباد: دوستوں کے درمیان ہونے والا ایک معمولی تنازعہ بالآخر قتل پر ختم ہو گیا۔ ڈیلیوری کے معاملے پر دونوں کے درمیان ہوئے جھگڑے کے دوران ایک نوجوان نے اپنے دوست پر لوہے کی راڈ سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو کر موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
یہ لرزہ خیز واقعہ جمعرات کی رات نارسنگی پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا۔پولیس اور مقامی افراد سے حاصل کردہ تفصیلات کے مطابق مقتول کی شناخت کوکا پیٹ کے سمیر (31) کے طور پر ہوئی ہے جو نارسنگی میں واقع بلنکٹ کمپنی میں ڈیلیوری بائے کے طور پر کام کر کے اپنا گزر بسر کر رہا تھا۔
اس کے ساتھ کام کرنے والے ایک دوست کے ساتھ ڈیلیوری کے معاملے پر کچھ عرصے سے اختلافات چل رہے تھ، جو باہمی رنجش کی وجہ بن گئے تھے۔جمعرات کی رات کام کے مقام پر دونوں کے درمیان ایک بار پھر تنازعہ پیدا ہو گیا۔
اسی دوران سمیر کے دوست نے پاس ہی موجود لوہے کی راڈ اٹھائی اور اس کے سر پر زوردار وار کیا۔ مقامی لوگوں کے مطابق اس حملے کے نتیجے میں سمیر شدید زخمی ہو گیا اور زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے وہ موقع پر ہلاک ہوگیا۔
اطلاع ملتے ہی نارسنگی پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور حالات کا جائزہ لیا۔ پولیس نے کمپنی کے دیگر ملازمین سے پوچھ گچھ کی اور قتل کی وجوہات کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور قتل کا کیس درج کرکے چھان بین شروع کردی۔



