فلاح ہائی اسکول، کشن باغ میں یومِ آزادی کی رنگا رنگ تقریب

فلاح ہائی اسکول، کشن باغ میں یومِ آزادی کی رنگا رنگ تقریب
کشن باغ: فلاح ہائی اسکول، کشن باغ میں یومِ آزادی کے موقع پر ایک شاندار اور رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں طلبہ و طالبات نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی اور مختلف ثقافتی و اخلاقی سرگرمیوں، تقاریر، ملی نغموں اور ترانوں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔اس موقع پر فلاح ہائی اسکول کی پرنسپل محترمہ نشاۃ نیازی صاحبہ نے طلبہ و طالبات اور والدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کی آزادی کی جدوجہد میں مسلمانوں نے بھی نمایاں کردار ادا کیا
اور بے شمار قربانیاں پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور تعمیر کے لیے ضروری ہے کہ تمام لوگ باہمی بھائی چارے، اتحاد اور محبت کے ساتھ ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہوئے قدم سے قدم ملا کر آگے بڑھیں۔محترمہ نشاۃ نیازی صاحبہ نے طلبہ و طالبات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کامیابی کے لیے علم حاصل کرنے میں سخت محنت، مسلسل جدوجہد اور جستجو ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ علم کے ساتھ اچھے اخلاق اور بہترین کردار انسان کو ایک اچھا شہری بناتے ہیں۔
طلبہ و طالبات کو چاہیے کہ وہ تعلیم کے ساتھ اپنے اخلاق و کردار کو بھی بہتر بنائیں اور ملک و ملت کی تعمیر میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔اس موقع پر جناب یاسین سر نے اولیائے طلبہ و طالبات کا شکریہ ادا کیا اور تقریب کو کامیاب بنانے میں تعاون کرنے والے تمام افراد کی خدمات کو سراہا۔محترمہ عشرت صاحبہ نے پروگرام کے انتظامات میں اہم کردار ادا کیا۔
تقریب کے دوران طلبہ و طالبات کی جانب سے پیش کیے گئے مختلف ثقافتی، اخلاقی اور تعلیمی پروگراموں کو حاضرین نے خوب سراہا۔ یومِ آزادی کی یہ تقریب ملی جذبے، جوش و خروش اور باہمی اتحاد کے پیغام کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔



