جامعہ دارالہدیٰ میں یومِ آزادی کی پروقار تقریب

جامعہ دارالہدیٰ میں یومِ آزادی کی پروقار تقریب
جامعہ دارالہدیٰ ہائی اسکول و مدرسہ میں 15 اگست یومِ آزادی کے موقع پر ایک پروقار اور بامقصد تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ، اساتذہ اور ذمہ داران نے بھرپور شرکت کی.تقریب میں انجینئر عارف سبیل ، صدر PSF نے بحیثیتِ مہمانِ خصوصی شرکت کی اور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کا حقیقی مفہوم صرف غلامی سے نجات نہیں بلکہ انسان کو بڑا سوچنے، بلند خواب دیکھنے اور اپنی صلاحیتوں کو مثبت انداز میں استعمال کرنے کی آزادی بھی حاصل ہونا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑا سوچنے اور بڑے خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں، یہی دراصل آزادی کی حقیقی روح ہے۔ انہوں نے طلبہ کو محنت، علم اور بلند مقاصد کے ساتھ آگے بڑھنے کی ترغیب دی۔اس موقع پر جناب سلطان محی الدین صاحب، نائب صدر ‘اسلامک سوشل سروس سوسائٹی نے بھی طلبہ سے خطاب کیا۔
انہوں نے آزادی کی جدوجہد میں مسلمانوں کے تاریخی کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں نے آزادی کی تحریک میں نمایاں حصہ لیا اور ملک کی آزادی کے لیے جدوجہد میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے طلبہ کو اپنی تاریخ سے واقف ہونے، آزادی کی قدر کرنے اور ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی تلقین کی
۔تقریب میں جناب یوسف علی خان صاحب، جوائنٹ سیکریٹری، ایڈمنسٹریٹر جناب آصف محی الدین صاحب، مفتی شوکت علی قاسمی اور جناب اسد احمد قادری ، وائس پرنسپل بھی موجود تھے۔
ذمہ داران نے تقریب میں شرکت کرتے ہوئے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی اور ان کی پیشکشوں کو سراہا۔آخر میں جامعہ کی انتظامیہ نے مہمانانِ گرام، اساتذہ اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔



