مدرسہ فیض القرآن اینڈ اسکول،سنگارینی کالونی چمپاپیٹ،سعیدآباد میں جشن یومِ آزادی تقریب کا انعقاد

مدرسہ فیض القرآن اینڈ اسکول،سنگارینی کالونی چمپاپیٹ،سعیدآباد میں جشن یومِ آزادی تقریب کا انعقاد
سنئیر صحافی محمد حسام الدین متین،سکریٹری الخیر میر مقصود علی ہاشمی اور پرنسپل اسکول محمد شاہ نوازکا خطاب
خدمت خلق کی معرف تنظیم،الخیر سوسائٹی یاقوت پورہ کے زیرنگرانی سنگارینی کالونی، چمپاپیٹ،سعیدآباد میں چلائے جارہے مدرسہ فیض القرآن اینڈ اسکول میں 80ویں یومِ آزادی ہند کے موقع پر ایک پر وقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں طلبہ و طالبات نے تلاوتِ قرآن مجید، نعتِ رسولِ مقبول ﷺ، مختصر اصلاحی تقاریر،ترانہ۔سارے جہاں سے اچھا ہندوستان ہمارا اور مختلف تعلیمی و کھیلوں کے مقابلوں میں بھرپور مظاہرہ پیش کیا۔
تقریب کا آغاز طلبہ کی جانب سے تلاوتِ کلامِ پاک اور اس کے اردو و انگریزی ترجمے سے ہوا، جس کے بعد نعتِ شریف اور مختلف تعلیمی و اصلاحی موضوعات پر مختصر تقاریر پیش کی گئیں۔ ننھے طلبہ کی پُرجوش اور پُراعتماد پیشکش نے حاضرین سے خوب داد حاصل کی۔اس موقع پر سینئر صحافی و اردو نیوز اینکرجناب محمد حسام الدین متین نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی صرف غلامی سے نجات کا نام نہیں بلکہ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے۔
ملک کا مستقبل آج کے طلبہ کے ہاتھوں میں ہے، اس لیے انہیں تعلیم کے ساتھ اچھے اخلاق، ایمانداری، نظم و ضبط، محنت، دوسروں کے احترام اور وطن کی خدمت کا جذبہ پیدا کرنا چاہیے،تاکہ ایک بہترمعاشرہ تشکیل پائے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہندوستان کی اصل طاقت اس کی تنوع، اتحاد اور باہمی احترام میں ہے اور طلبہ اپنی اچھی عادات اور کردار کے ذریعے ملک کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
الخیر سوسائٹی یاقوت پورہ کے سکریٹری جناب میر مقصود علی ہاشمی نے اپنے خطاب میں طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے تعلیم کے ساتھ اخلاق و کردار کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ قوموں کی ترقی کا انحصار باصلاحیت اور باکردار نسل کی تربیت پر ہوتا ہے۔ اسکول کے پرنسپل جناب محمد شاہ نواز نے طلبہ کی تعلیمی و غیر نصابی سرگرمیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے اساتذہ کی محنت کو سراہا اور طلبہ کو مزید محنت کے ساتھ آگے بڑھنے کی تلقین کی
۔تقریب کے اختتام پر کھیلوں اور تعلیمی مقابلہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ انعام حاصل کرنے والے طلبہ میں صوفیہ، زویا، انعم، اذان، علینہ، مہک، ثانیہ، سمیہ، مسکان، عروش، ثناء، تحسین اور آسیہ و دیگر شامل ہیں۔اس موقع پر اسکول کی اساتذہ فرحین، افرز، امرین، عائشہ، رخسار اور نہا کے علاوہ اولیاء طلبہ بھی موجود تھے۔
تقریب میں طلبہ کی بہترین کارکردگی اور یومِ آزادی ہندکے جذبے نے ایک پُرجوش اور یادگار ماحول پیدا کردیا۔تقریب سے قبل اسکول کے احاطہ میں قومی پرچم ترنگا لہرایا گیا۔




