ایجوکیشن

گورنمنٹ ایم پی پی ایس اردو میڈیم گاجل پیٹ میں یومِ آزادی کی شاندار تقریب

گورنمنٹ ایم پی پی ایس اردو میڈیم گاجل پیٹ میں یومِ آزادی کی شاندار تقریب

 

نرمل،15/ اگست(ایم۔اے۔وحید)گورنمنٹ منڈل پریشد پرائمری اسکول (اردو میڈیم)، گاجل پیٹ، نرمل میں یومِ آزادی کی تقریب نہایت جوش و خروش، ملی جذبے اور شاندار پیمانے پر منعقد کی گئی۔اس موقع پر اسکول کے طلبہ نے گاجل پیٹ کے مختلف علاقوں میں پُرجوش ریالی نکالی اور وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور اتحاد و سالمیت پر مبنی نعرے بلند کئے۔

 

ریالی کے اختتام پر اسکول کے احاطے میں قومی پرچم لہرایا گیا، جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ تقریب میں میونسپل کونسلر جناب محمد ذاکر نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ طلبہ نے اردو اور انگریزی زبانوں میں یومِ آزادی کی مناسبت سے تقاریر پیش کیں، جبکہ قومی گیت اور ملی نغمے پیش کرکے سامعین سے خوب داد حاصل کی۔ ننھے طلبہ کی پُرجوش اور پُراعتماد پیشکشوں نے تقریب کو مزید یادگار بنا دیا۔

 

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی میونسپل جناب کونسلر محمد ذاکر نے تمام طلبہ، اساتذہ اور اولیائے طلبہ کو یومِ آزادی کی دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی آزادی مجاہدینِ آزادی کی بے مثال جدوجہد، قربانیوں اور لازوال خدمات کا نتیجہ ہے۔ ہمارے بزرگوں نے ملک کو برطانوی استعمار سے آزاد کرانے کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، تب کہیں جاکر ہمیں آزاد فضاء میں سانس لینے اور ایک آزاد ملک کے شہری کی حیثیت سے زندگی گزارنے کا موقع ملا۔

 

انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں، نظم و ضبط کو اپنائیں اور مستقبل میں ملک و قوم کی خدمت کے لیے خود کو تیار کریں۔ کونسلر جناب محمد ذاکر نے اسکول کی تعلیمی ترقی اور طلبہ کی فلاح و بہبود کے لئے اپنی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا بھی یقین دلایا۔

 

بعد ازاں اسکول کے صدرِ مدرس ڈاکٹر ساجد معراج نے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی، اساتذہ، طلبہ اور اولیائے طلبہ کو یومِ آزادی کی پُرخلوص مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی محض جشن منانے کا دن نہیں بلکہ یہ ہمیں ان عظیم مجاہدینِ آزادی کی قربانیوں کو یاد کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے جنہوں نے ملک کی آزادی کے لئے اپنی جانوں تک کی پروا نہیں کی۔

 

ڈاکٹر ساجد معراج نے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے اور اس کی قدر کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ محنت، دیانت، نظم و ضبط اور اعلیٰ اخلاق کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں اور حصولِ علم کے ذریعے اپنے والدین، اساتذہ، اسکول اور ملک کا نام روشن کریں۔ انہوں نے طلبہ کو قومی اتحاد، بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کی تلقین بھی کی۔

 

صدرِ مدرس نے تقریب کو کامیاب بنانے پر مہمانِ خصوصی کونسلر جناب محمد ذاکر، تمام اساتذہ، اولیائے طلبہ اور بالخصوص طلبہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات طلبہ میں حب الوطنی، خود اعتمادی اور قومی شعور پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

 

تقریب کے اختتام پر طلبہ میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں اور ملک کی ترقی، خوشحالی، امن و سلامتی اور قومی یکجہتی کے لئے دعا کی گئی۔ یومِ آزادی کی اس پروقار تقریب نے اسکول کے طلبہ و اساتذہ سمیت تمام شرکاء میں حب الوطنی اور قومی جذبے کو مزید مضبوط کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button