ایس آئی آر:تلنگانہ کے ایک وزیر کو بھی نوٹس جاری

حیدرآباد: تلنگانہ کے ٹرانسپورٹ اور بی سی بہبود کے وزیر پونم پربھاکر کو الیکشن کمیشن کی خصوصی جامع نظرثانی کی کارروائی کے تحت بوتھ لیول آفیسر نے نوٹس جاری کیا ہے۔
اس کی وجہ وزیر کے ووٹر شناختی کارڈ میں ان کے والد کا نام غلط درج ہونا ہے۔ ایک جیسے ریکارڈ اور تفصیلات کی جانچ کے عمل کے دوران بی ایل او نے اس غلطی کی نشاندہی کی اور نام کی درستگی کے لیے وزیر کو باضابطہ نوٹس جاری کیا۔

وزیر پونم پربھاکر نے اس نوٹس پر فوری ردِعمل ظاہر کیا اور اپنے والد کے نام کی درستگی کے لیے ضروری ثبوت اور دستاویزات حکام کے حوالے کر دیے۔اس موقع پر حکام نے کہا کہ عام شہری ہوں یا وزیر، قانون اور انتخابی قواعد کے سامنے سب برابر ہیں۔
ووٹر فہرست میں موجود غلطیوں کو درست کروانا ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔بتایا گیا ہے کہ وزیر کی جانب سے جمع کرائے گئے تصدیقی دستاویزات کی جانچ پڑتال کے بعد ووٹر شناختی کارڈ میں ضروری اصلاحات مکمل کر دی جائیں گی۔



