کار بے قابو ہوکر ہوٹل میں جا گھسی، دو نوجوان لڑکیوں کی موت – مہلوکین کے گھر والوں نے لگایا قتل کا الزام

آندھرپردیش کے اننت پور ضلع کے بکّ رائیا سمودرم منڈل کے روٹری پورم گاؤں میں پیش آئے سڑک حادثے میں دو نوجوان لڑکیوں کی موت ہوگئی، جبکہ دو نوجوان شدید زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق گُتّی شہر کی رہنے والی ہریتا (20) اننت پور کے ایک کالج میں نرسنگ کے تیسرے سال کی طالبہ تھی۔ اس کی گزشتہ دو سال سے تادیمری منڈل کی رہنے والی نونیتا (20) سے دوستی تھی، جو ایک خانگی ہاسپٹل میں نرس کی حیثیت سے کام کرتی تھی۔ اسی ہاسپٹل میں کام کرنے والے سلاکن چیروو کے کمار اور ہاسپٹل میں اکثر آنے والے اننت پور کے رہنے والے انشورنس ایجنٹ سری دھر ریڈی سے بھی دونوں لڑکیوں کی جان پہچان ہوگئی تھی۔
پیر کی رات چاروں ایک کار میں سوار ہوکر مختلف مقامات پر گھومنے نکلے۔ انہوں نے کورّاپاڈو، ایس آر اے ٹی کالج سمیت کئی علاقوں کا دورہ کیا۔ منگل کی صبح تقریباً 4 بجے وہ اننت پور واپس روانہ ہوئے۔ کار سری دھر ریڈی چلا رہے تھے۔
روٹری پورم میں پل کی تعمیر کا کام جاری ہونے کی وجہ سے سڑک پر کئی موڑ ہیں۔ تیز رفتاری سے آنے والی کار ایک موڑ پر بے قابو ہوگئی اور سڑک کنارے واقع ایک ہوٹل میں جا گھسی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ کار کے ساتھ ہوٹل کو بھی نقصان پہنچا۔
کار کی پچھلی نشست پر بیٹھی ہریتا شدید زخمی ہوکر موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ شدید زخمی نونیتا جبکہ معمولی زخمی سری دھر ریڈی اور کمار کو پولیس نے 108 ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا۔ علاج کے دوران نونیتا بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔
حادثہ کی اطلاع ملتے ہی دونوں لڑکیوں کے والدین اور رشتہ دار ہاسپٹل پہنچ گئے۔ مردہ خانے میں اپنی بیٹیوں کی لاشیں دیکھ کر افراد خاندان زار و قطار رونے لگے۔
ہریتا کے گھر والوں نے الزام عائد کیا کہ نوجوان لڑکے بہلا پھسلا کر دونوں لڑکیوں کو کار میں لے گئے، انہیں قتل کرنے کے بعد واقعے کو سڑک حادثہ ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی۔ ہریتا کی والدہ سالماں نے بتایا کہ ان کی بیٹی نے پہلے بھی ان نوجوانوں کے بارے میں بتایا تھا اور وہ اسے کسی پر آنکھ بند کرکے بھروسہ نہ کرنے اور محتاط رہنے کی نصیحت کرتی تھیں۔
نونیتا کی والدہ وجئے نے الزام لگایا کہ نوجوان ہی ان کی بیٹی کو بہلا پھسلا کر اپنے ساتھ لے گئے اور اسے قتل کردیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
بکّ رائیا سمودرم کے سی آئی سبرایاڈو نے بتایا کہ ’’متوفیوں کے افراد خاندان کی شکایت پر مقدمہ درج کرکے گہرائی سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لیا جائے گا۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ اس معاملے میں اہم ہوگی۔ دونوں نوجوانوں کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کی جائے گی۔‘‘



