کالا جادو کا خوف دکھا کر لاکھوں کی وصولی – عادل آباد میں جعلی بابا اور اس کی بیوی گرفتار

عادل آباد، 15 ستمبر (اردو لیکس) کالا جادو ختم کرنے اور خاندانی مسائل حل کرنے کے نام پر لوگوں کو خوفزدہ کرکے رقم بٹورنے والے میاں بیوی کو ماؤلا پولیس نے گرفتار کرلیا۔
عادل آباد ڈی ایس پی ایل۔ جیون ریڈی نے ماؤلا پولیس اسٹیشن میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ملزم سلیم سید عرف سلیم بشیر سید نے ایک شخص کو پوجا کے ذریعے خاندانی مسائل حل کرنے کا یقین دلایا اور اس کے گھر پر پوجا بھی کی۔ بعد ازاں اسے سونا، چاندی اور پوجا کا سامان خریدنے پر مجبور کیا گیا۔
ملزم متاثرہ شخص کو یوت محل لے گیا، جہاں بھسم اور دیگر پوجا کے سامان کے نام پر اس سے 81,600 روپے وصول کئے گئے۔ بعد میں مزید 1.32 لاکھ روپے طلب کرتے ہوئے دھمکی دی گئی کہ پوجا نہ کرنے کی صورت میں خاندان کے ایک فرد کی موت ہوسکتی ہے۔
شبہ ہونے پر متاثرہ شخص نے پولیس سے شکایت کی۔ ماؤلا پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کے بعد سلیم سید (40) اور اس کی اہلیہ سید شمع (46)، ساکنان سانگلی، مہاراشٹرا کو گرفتار کرلیا۔
ڈی ایس پی نے عوام سے اپیل کی کہ توہمات اور اندھی عقیدت کے نام پر خوفزدہ کرکے رقم وصول کرنے والوں سے محتاط رہیں اور ایسی کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔ کارروائی میں ماؤلا سی آئی بی۔ ڈی۔ پریم کمار اور پولیس عملے نے حصہ لیا۔



