ممنوعہ سی پی آئی ماؤیسٹ سینئر کیڈرخاتون نکسلائٹ لیڈر نکا سشیلا رانی پولیس کے سامنے خودسپرد

ممنوعہ سی پی آئی ماؤیسٹ سینئر کیڈرخاتون نکسلائٹ لیڈر نکا سشیلا رانی عرف لتا پولیس کوخودسپردگی
کمشنر پولیس نظام آباد پی سائی چیتنیا کی میڈیا کانفرنس
نظام آباد:15/ستمبر(اردو لیکس) ممنوعہ سی پی آئی ماؤیسٹ سینئر کیڈرخاتون نکسلائٹ لیڈر نکا سشیلا رانی عرف لتا عرف للیتا عرف ریلا، عرف جیوتی ساکن شکرنگر بودھن ضلع نظام آباد نے بالآخر 34سال روپوشی کے بعد آج نظام آباد پولیس کمشنر مسٹر سائی چیتنیا کے آگے خود سپرد ہوکر سماجی دھارے میں شامل ہوکر زندگی گذارنے کا فیصلہ کیا۔ جس کا پولیس کمشنر سائی چیتنیا نے خیرمقدم کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت کی بازآبادکاری پالیسی کے تحت خود سپرد نکسلائٹ کو حکومتی امداد 5لاکھ روپئے کی رقم ادا کی۔نظام آباد پولیس کمشنریٹ کانفرنس ہال میں آج شام پولیس کمشنر سائی چیتنیا نے خود سپرد خاتون نکسلائٹ لیڈر سشیلا کے ہمراہ
منعقدہ میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سشیلا کے تعلق سے تفصیلی طورپر بتایاکہ سشیلا کے والد راما کرشنا بحیثیت ورکر نظام شوگر فیکٹری بودھن میں ملازمت کیاکرتے تھے ان کی وفات اکٹوبر 2005ء میں ہوئی۔ قبل ازیں ماں کملا کا سال 1976ء میں ناسازی صحت کے باعث وفات پائی۔ سشیلا 1985ء میں دسویں جماعت نارائن گوڑہ حیدرآباد میں تعلیم حاصل کی اور دوسال تک انٹرمیڈیٹ وڈگری 1987تا1990 نامپلی حیدرآباد میں تعلیم حاصل کی۔ 1990-92ء تک بی ایڈ ناگرجنا ساگر نلگنڈہ میں تعلیم پائی۔ بعد ازاں سشیلا نے سنکرا رام موہن راؤ اے سی ایم سکریٹری آف کوناگل دلم نلگنڈہ ضلع سے شادی کے بعد روپوش ہوکر تخریبی سرگرمیوں میں حصہ لینے لگی۔ اس دوران سشیلا نے مختلف ممنوعہ سی پی آئی ماؤیسٹ نکسلائٹ لیڈر کی حیثیت سے مختلف عہدوں پر مامور رہی۔گذشتہ کچھ عرصہ سے طبیعت ناسازی اور تلنگانہ حکومت کے نکسلائٹس کے تئیں بازآبادکاری پالیسی کے پیش نظر سماجی دھارے میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔ پولیس کمشنر سائی چیتنیا نے بتایاکہ ملک میں بالخصوص تلنگانہ ریاست میں نکسلائٹ کی سرگرمیوں کا مکمل طورپر صفایا ہوگیا ہے اور تلنگانہ حکومت نے خود سپرد نکسلائٹس کی بازآبادکاری کے لئے مختلف فلاحی اسکیمات کے ذریعہ عام زندگی گذارنے کے مواقع فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ گذشتہ 2سالوں 2024-26ء کے دوران 334نکسلائٹس لیڈرو کیڈر وں نے اپنی تخریبی سرگرمیوں سے علیحدگی اختیارکرتے ہوئے خود سپردگی اختیار کی اور 238مختلف آتشی اسلحہ حکومت کے آگے خو د سپرد کرتے ہوئے پیش کردیا۔اس موقع پر خود سپرد نکسلائٹ خاتون لیڈر سشیلا نے طبیعت کی ناسازی اور موجودہ حالات کے پیش نظر سماجی زندگی گذارنے اور حکومت کی بازآبادکاری اسکیمات سے مستفید ہونے کا فیصلہ کرتے ہوئے آج پولیس کمشنر کے روبرو خود سپرد ہوگئی۔ اس میڈیا کانفرنس میں بودھن اے سی پی، سرکل انسپکٹر وینکٹ رمنا بھی موجود تھے۔



