سعودی عرب پر حوثی ملیشیا کے نئے حملوں میں 13 افراد زخمی، کئی شہروں میں الرٹ

کے این واصف
سعودی کے مختلف علاقوں کو حوثیوں نے کوبیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب نے پیر کی صبح بھی چار جنوبی شہروں نجران، خمیس مشیط، جازان اور ابھا کے لیے حوثیوں کے ممکنہ خطرے کے حوالے سے الرٹس جاری کیے تھے تاہم ان کو واپس لے لیا گیا تھا۔
اتحادی فورسز کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ ان حملوں میں 13 شہری زخمی ہوئے جبکہ سات مکانات اور دو گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔سعودی سول ڈیفنس نے ملک کے مغربی اور جنوبی علاقوں کے مقیمین اور شہروں ابھا، جدہ، جازان، طائف، ینبع اور العلا کے لیے متعدد الرٹس جاری کیے۔ واضح رہے کہ ان علاقوں میں نہدوستانی سمیت لاکھون غیر ملکی بھی اپنی ملازمتوں کے سلسلہ میں آباد ہیں۔
اتحادی فورسز کے ترجمان بیان میں کہا گیا کہ دہشت گرد حوثی ملیشیا مملکت میں شہروں اور سول تنصیبات پر دانستہ اور گھناؤنے حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ان مسلسل اور جان بوجھ کر کیے جانے والے حملوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ دہشت گرد حوثی ملیشیا کشیدگی بڑھانے اور شہریوں و شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔‘
ترجمان نے کہا کہ اتحادی فورسز ان حملوں سے مملکت کی خود مختاری، سول انفراسٹرکچر اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ذمہ داری اور سختی کے ساتھ نمٹیں گی۔ حملون کا جواب بین الاقوامی قانون ااور اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے مطابق حق دفاع کے اصول، انسانی قانون اور اس کے روایتی اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے دیا جائے گا۔
گزشتہ ہفتے سعودی عرب کے مخلتف علاقوں میں حوثی ملیشیا کے حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت 70 افراد زخمی ہوئے تھے۔



