نارائن پیٹ آر ڈی او دفتر کا ضلع کلکٹر پرینکا نے اچانک معائنہ کیا

نارائن پیٹ آر ڈی او دفتر کا ضلع کلکٹر پرینکا نے اچانک معائنہ کیا
نارائن پیٹ: 29 ستمبر (اردو لیکس) ضلع کلکٹر پرینکا نے منگل کے روز نارائن پیٹ ضلع مرکز میں واقع ریونیو ڈویژنل آفیسر (آر ڈی او) دفتر کا اچانک معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے دفتر کی انتظامی سرگرمیوں، عملہ کی حاضری، ریکارڈس کی دیکھ بھال اور مختلف ترقیاتی کاموں سے متعلق فائلوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ضلع کلکٹر نے سب سے پہلے افسران و ملازمین کے حاضری رجسٹر کا معائنہ کرتے ہوئے وقت کی پابندی سے متعلق معلومات حاصل کیں۔ بعد ازاں زیرِ التوا فائلوں کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں مقررہ مدت میں حل کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے دفتر میں قائم ڈیجیٹلائزڈ ریکارڈ روم کا بھی معائنہ کیا اور قدیم ریونیو ریکارڈس کی ڈیجیٹلائزیشن، حفاظت اور دستیابی سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ ریکارڈس کو منظم انداز میں محفوظ رکھنے کی ہدایت کی۔
اس کے علاوہ کلکٹر پرینکا نے مکتھل–نارائن پیٹ–کوڑنگل لفٹ اریگیشن اسکیم سے متعلق زیرِ التوا اراضی حصولیابی کے عمل کا خصوصی طور پر جائزہ لیا۔ انہوں نے آر ڈی او رمیش کو متعلقہ عہدیداروں اور اراضی مالکان سے تال میل کرتے ہوئے زیرِ التوا اراضی حصولیابی کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت دی۔ بعد ازاں کلکٹر نے آر ڈی او دفتر میں اب تک خدمات انجام دینے والے آر ڈی اوز کی تفصیلات پر مشتمل فہرست بورڈ کا بھی معائنہ کیا
اس موقع پر ضلع کلکٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ عوام کو فراہم کی جانے والی ریونیو خدمات میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو اور عوام سے موصول ہونے والی درخواستوں و شکایات کو قواعد کے مطابق بروقت حل کیا جائے۔ انہوں نے دفتر کے انتظام میں شفافیت، جوابدہی اور وقت کی پابندی کو ترجیح دینے کی ہدایت دی۔



