حیدرآباد میں توجہ ہٹا کر سونے کے زیورات لوٹنے والی تین خواتین گرفتار

حیدرآباد: لالہ گوڑہ پولیس نے لوگوں کی توجہ ہٹا کر سونے کے زیورات دھوکہ دہی سے حاصل کرنے والی تین خواتین کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے مختلف وارداتوں میں لوٹے گئے مجموعی طور پر ساڑھے 9 تولے سونے کے زیورات برآمد کیے۔
پولیس کی جانب سے جاری کردہ پریس نوٹ کے مطابق 5 نومبر 2026 کی رات تقریباً 9:30 بجے ایک خاتون نارتھ لالہ گوڑہ کی ترکاری مارکٹ میں سبزی خریدنے گئی تھیں۔ اسی دوران تقریباً 40 سے 45 سال عمر کی ایک نامعلوم خاتون نے ان سے بات چیت شروع کی اور منصوبہ بند طریقہ سے
کچھ دیر بعد زمین پر پڑا ایک پرس دکھاتے ہوئے کہا کہ اس میں قیمتی اشیاء ہوسکتی ہیں۔اسی وقت ایک اور خاتون وہاں پہنچی اور اپنا پرس گم ہونے کا ڈرامہ کرنے لگی اور بتایا کہ اس کے پرس میں پانچ تولے کا سونے کا بسکٹ تھا۔بعد ازاں جب پرس کھول کر دیکھا گیا تو اس میں سونے کا بسکٹ موجود دکھائی دیا۔
پہلی خاتون نے شکایت کنندہ کو لالچ دیا کہ وہ دونوں اس سونے کو آپس میں برابر تقسیم کرلیں گی۔ اسی دوران وہاں سے گزرنے والی تیسری خاتون کو بھی بلایا گیا جس نے کہا کہ وہ صبح ایک جان پہچان کی دکان پر سونا فروخت کروا دے گی۔تینوں خواتین نے شکایت کنندہ کو یقین دلایا کہ وہ سونے کا بسکٹ اس کے پاس رکھ دیں گی
اور بدلے میں اس کے گلے میں موجود تقریباً ڈھائی تولے کی سونے کی چین لے لیں گی۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ صبح سونے کا بسکٹ فروخت کرنے کے بعد اس کی چین واپس کردیں گی۔ان کی باتوں میں آکر خاتون نے اپنی سونے کی چین ان کے حوالے کردی۔ تاہم خواتین کے جانے کے بعد جب ان کی جانب سے دیا گیا موبائل نمبر بند تھا
تو شکایت کنندہ خاتون کو اپنے ساتھ ہوئی دھوکہ دہی کا احساس ہوا اور انہوں نے لالہ گوڑہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی۔ متاثرہ خاتون کی شکایت پر پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور تکنیکی شواہد کی مدد سے تینوں کی شناخت کی اور 13 نومبر کو لالاپیٹ کے قریب گرفتار کرلیا۔
گرفتار خواتین کی شناخت نرسمّا (49)، ویمولا لکشمی (43) اور انجلی (45) کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق، پہلی دو خواتین کے خلاف مختلف پولیس اسٹیشنوں میں تقریباً 18 اور 17 مقدمات درج ہیں۔پوچھ گچھ کے دوران ملزم خواتین نے
لالہ گوڑہ کے علاوہ یادادری گٹہ، اپّل اور کشائی گوڑہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی اسی طریقۂ واردات سے زیورات لوٹنے کا انکشاف کیا۔ پولیس نے ان کے قبضے سے مجموعی طور پر ساڑھے 9 تولے سونا ضبط کیا۔ تینوں کو عدالت میں پیش کرنے کے بعد چنچل گوڑہ خواتین کی جیل منتقل کردیا گیا۔



