تلنگانہ

چیف منسٹر ریونت ریڈی کے ہاتھوں کریم نگر کلکٹریٹ کی عمارت کا افتتاح

کریم نگر، 30 ستمبر (نثار احمد پروانہ): چیف منسٹر اے. ریونت ریڈی نے کہا کہ کریم نگر کا نیا کلکٹریٹ غریب عوام کے لیے اعتماد کا مرکز بننا چاہیے اور عوامی مسائل کے حل میں کلکٹریٹ کا اہم کردار ہونا چاہئے۔

 

کریم نگر کے نئے کلکٹریٹ میں منعقدہ جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت کی فلاحی اسکیموں کو مستحقین تک پہنچانے میں سرکاری ملازمین اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ طویل عرصے سے زیرِ التوا کلکٹریٹ کی تعمیر مکمل کی گئی ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

 

انہوں نے سرکاری ملازمین سے اپیل کی کہ امداد اور اپنے مسائل کے حل کے لیے سرکاری دفاتر سے رجوع کرنے والے غریب اور بے سہارا افراد کو اپنے خاندان کے افراد کی طرح سمجھیں۔ اگر ملازمین اسی جذبے کے ساتھ خدمات انجام دیں گے تو عوام کو بہتر انصاف فراہم کیا جاسکتا ہے۔

 

ریونت ریڈی نے کہا کہ عوامی حکومت کے قیام کے بعد سے سرکاری ملازمین کے مسائل کو مرحلہ وار حل کیا جا رہا ہے اور ان کے تعاون سے مزید مسائل بھی حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بہتر خدمات فراہم کرنے کے ساتھ ان کے مسائل حل کئے جائیں تو حکومت پر ان کا اعتماد مزید مضبوط ہوگا۔

 

چیف منسٹر نے کہا کہ غریبوں کو انصاف فراہم کرنے میں سرکاری ملازمین کی محنت کا اہم کردار ہے۔ حکومت کی اچھی شہرت میں بھی ملازمین کا کردار اہم ہوتا ہے، کیونکہ عوام کا حکومت سے براہِ راست رابطہ سرکاری ملازمین کے ذریعے ہی ہوتا ہے۔

 

مرکز کے ساتھ تعلقات پر بات کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاست کی ترقی کے لیے مرکز کے ساتھ تعاون اور باہمی مفاہمت کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں سینکڑوں کروڑ روپے خرچ کرکے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جائیں، لیکن اگر مرکزی حکومت سے ضروری اجازت نہ ملے تو ان منصوبوں کا مطلوبہ فائدہ عوام تک نہیں پہنچ سکتا۔ اس لیے ضرورت پڑنے پر مسائل کے حل کے لیے مرکز سے بار بار رجوع کرنے میں کوئی قباحت نہیں ہے۔

 

چیف منسٹر نے کہا کہ گزشتہ میں اس طرح کی مثال نہ ملنے کے باوجود صرف چھ ماہ کے عرصے میں 170 ایکڑ دفاعی اراضی کو ریاستی ترقی کے لیے منتقل کرنے کی راہ ہموار کی گئی ہے۔ اسی طرح بیگم پیٹ رن وے کے نیچے سے سڑک کی تعمیر کی اجازت بھی حاصل کی گئی ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ سیاسی نظریات مختلف ہونے کے باوجود ریاست کی ترقی کے لیے مرکز اور ریاست ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرسکتے ہیں۔

 

ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ وہ ایک مرتبہ پھر کریم نگر ضلع کی ترقی کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے جائزہ اجلاس منعقد کریں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button