نارائن پیٹ دیشا کمیٹی اجلاس، ایم پی ڈی کے ارونا کی افسران کو اسکیموں کے مؤثر نفاذ کی ہدایت

نارائن پیٹ: 3 اکتوبر (اردو لیکس)
نارائن پیٹ ضلع کلکٹریٹ میں منعقدہ دیشا کمیٹی کے اجلاس میں رکن پارلیمنٹ محبوب نگر ڈی کے ارونا نے ضلع کلکٹر پرینکا اور مختلف محکمہ جات کے افسران کے ساتھ ترقیاتی و فلاحی پروگراموں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈی کے ارونا نے افسران کو ہدایت دی کہ مرکزی و ریاستی حکومتوں کی فلاحی و ترقیاتی اسکیموں کو زمینی سطح پر مؤثر انداز میں نافذ کرتے ہوئے ہر اہل فرد تک ان کے فوائد پہنچائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں، خواتین، طلبہ اور دیگر طبقات میں سرکاری اسکیموں کے بارے میں شعور بیدار کیا جائے اور ترقیاتی کام مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں
۔ رکن پارلیمنٹ نے پی ایم ڈی کے وائی پروگرام کے تحت نارائن پیٹ ضلع کو پہلی سطح کا ایوارڈ ملنے پر ضلع کلکٹر اور عہدیداروں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے بھارت مالا پروجیکٹ کے تحت اراضی سے محروم کسانوں کو معاوضہ کی ادائیگی، وزیراعظم سوریہ گھر اور پی ایم کسم اسکیموں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور زیر التوا معاملات کو جلد حل کرنے کی ہدایت دی۔
انہوں نے بے گھر اہل افراد کو مکانات کی منظوری، غیر قانونی ریت کی منتقلی پر روک، ریت ریچس پر سی سی کیمرے نصب کرنے، سڑکوں کی مرمت اور مختلف ترقیاتی کاموں کو تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ اجلاس میں مختلف محکمہ جات کے افسران نے اپنے اپنے شعبوں میں جاری ترقیاتی و فلاحی پروگراموں کی پیش رفت سے ایم پی کو واقف کرایا۔



