کسانوں کی زمین کے سروے میں شفافیت یقینی بنائیں: نارائن پیٹ کلکٹر

نارائن پیٹ: 7 اکتوبر (اردو لیکس) ضلع کلکٹر پرینکا نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ضلع میں اراضی حصول کے لیے جاری سروے کے دوران کسانوں کو کسی بھی قسم کا نقصان نہ پہنچے اور اراضی سے متعلق تفصیلات کی فیلڈ سطح پر مکمل جانچ کرتے ہوئے شفاف طریقہ سے سروے کیا جائے
۔ بدھ کی شام کلکٹریٹ کے ویڈیو کانفرنس ہال میں کلکٹر نے مکتھل، نارائن پیٹ، کوڑنگل لفٹ اریگیشن اسکیم (MNKLS) کے لیے جاری اراضی حصول اور سروے کی پیش رفت کا ریونیو عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیا۔ اس موقع پر منڈل وار سروے کی پیش رفت، زیر التوا کاموں اور سرکاری اراضی کی نشاندہی سمیت مختلف امور پر غور کیا گیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ گنڈومل گاؤں میں اراضی حصول کا سروے مکمل کرلیا گیا ہے
۔ کلکٹر نے ناگ ریڈی پلی اور لکشمی پور میں جاری سروے کے دوران اراضی ریکارڈس کی مکمل جانچ کرتے ہوئے درست تفصیلات درج کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کوسگی اور دامرگدہ منڈلوں میں زیر التوا اراضی حصول کے کاموں کو تیز کرنے اور مَدّور منڈل کے تین گاؤں میں سروے مکمل ہونے کے بعد اگلے مرحلے کی کارروائی شروع کرنے کا حکم دیا۔
کلکٹر نے ریڈیئل روڈ کی تعمیر کے لیے اراضی حصول کو ترجیح دیتے ہوئے پیراپلی میں سروے شروع کرنے، جنرل ایوارڈ کی کارروائی قواعد کے مطابق مکمل کرنے اور مَدّور، کوسگی و کوتہ پلی علاقوں میں سرکاری اراضی کی نشاندہی کرکے تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت دی
۔ انہوں نے ہر منڈل میں دو گاؤں کو ترجیحی بنیاد پر منتخب کرکے ری سروے کے لیے ایکشن پلان تیار کرنے، ضروری ریکارڈس اور رجسٹرس تیار رکھنے اور اراضی حصول کی روزانہ پیش رفت رپورٹ لازمی طور پر پیش کرنے کی ہدایت دی
۔ اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر (ریونیو) سری نو، آر ڈی او رمیش، اے او انیل کمار، ضلع سروے لینڈ آفیسر گووند، ہارٹیکلچر آفیسر سائی بابا، تحصیلداران اور دیگر ریونیو عہدیدار موجود تھے۔



