جرائم و حادثات

حیدرآباد: چوری کرنے گھر میں گھسے چور، مقامی افراد نے گھر میں ہی بند کردیا

حیدرآباد: حیدرآباد کے مضافاتی علاقے حیات نگر میں چوری کی واردات انجام دینے پہنچے سارقین کو کالونی کے مکینوں نے ایسی چالاکی سے پکڑا کہ وہ گھر سے مال لے کر نکلنے کے بجائے خود ہی گھر میں قید ہوکر رہ گئے۔

 

تفصیلات کے مطابق دسہرہ کی تعطیلات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سارقین نے اس وقت چوری کی کوشش کی جب گھر میں کوئی موجود نہیں تھا۔ یہ واقعہ حیات نگر میں لکشمی ریڈی پالیم کے قریب واقع کرشنا ریڈی لے آؤٹ میں پیش آیا۔چہارشنبہ کی دوپہر تقریباً 2 بجے سارقین شریکانت نامی شخص کے گھر میں داخل ہوئے

 

اور چوری کی کوشش کرنے لگے۔ اسی دوران قریب واقع سپربھات کالونی کے مکینوں نے گھر میں مشتبہ سرگرمیاں دیکھیں۔ گھر کے باہر ایک شخص کو مشتبہ انداز میں گھومتے ہوئے دیکھ کر مقامی افراد چوکس ہوگئے۔بغیر کوئی دیر کیے کالونی کے مکینوں نے متحد ہوکر کارروائی کی اور سارقین کو گھر کے اندر ہی بند کردیا۔

 

یوں چوری کرنے آئے ملزمین خود ہی پھنس گئے اور ان کی کوشش ناکام ہوگئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی حیات نگر پولیس موقع پر پہنچی اور ملزمین کو حراست میں لے لیا۔ کالونی کے مکینوں کی بروقت چوکسی اور متحدہ کارروائی کے باعث چوری کی کوشش ناکام ہوگئی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button