نظام آباد کے بودھن روڈ پر بھیانک حادثہ، آیچر ویان کی ٹکر سے مسلم خاتون جاں بحق
نظام آباد کے بودھن روڈ پر بھیانک حادثہ، آیچر ویان کی ٹکر سے مسلم خاتون جاں بحق
سڑک حادثات کی روک تھام کے لیے مستقل اقدامات ناگزیر، عوامی حلقوں کا مطالبہ
نظام آباد:22/ اکتوبر (اردو لیکس) شہر نظام آباد کے مصروف ترین بودھن روڈ پر سڑک حادثات کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ آج گؤشالہ چوراہے روبرو باورچی ہوٹل کے قریب فروٹ مارکیٹ کے پاس ایک آیچر ویان کی ٹکر سے ورنی منڈل سے تعلق رکھنے والی ایک مسلم خاتون برسرِ موقع ہلاک ہوگئی۔بتایا جاتا ہے کہ خاتون سڑک سے گزر رہی تھی کہ اچانک آیچر ویان نے اسے ٹکر دے دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ون ٹاؤن پولیس مقامِ حادثہ پر پہنچ گئی اور نعش کو سرکاری دواخانے منتقل کردیا۔
اس المناک واقعے کے بعد مقامی عوام میں شدید ناراضگی پائی جارہی ہے۔ عوامی حلقوں نے سوال اٹھایا کہ آخر بودھن روڈ پر مسلسل پیش آنے والے حادثات کی روک تھام کے لیے مستقل اور مؤثر اقدامات کیوں نہیں کیے جارہے ہیں؟ ہر حادثے کے بعد احتجاج، مطالبات اور یقین دہانیوں کا سلسلہ تو جاری رہتا ہے، لیکن عملی طور پر حالات میں کوئی نمایاں تبدیلی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ بودھن روڈ شہر کی اہم اور مصروف سڑک ہونے کے باوجود ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ اور راہ گیروں کی حفاظت کے مسئلے کو سنجیدگی سے حل نہیں کیا جارہا ہے
، جس کے باعث آئے دن حادثات پیش آرہے ہیں اور قیمتی انسانی جانیں ضائع ہورہی ہیں۔ عوامی نمائندوں سے بھی مطالبہ کیا گیا کہ وہ محض سیاسی احتجاجوں، بیانات اور وقتی یقین دہانیوں تک محدود رہنے کے بجائے متعلقہ حکام سے جواب طلب کریں اور حفاظتی اقدامات پر عملی پیش رفت کو یقینی بنائیں۔



