نوٹس کے بغیر برقی اور پانی کی سربراہی بند نہیں کی جاسکتی۔ دہلی ریس کورس مسجد معاملے میں دہلی ہائی کورٹ کی این ڈی ایم سی کو پھٹکار

نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے جمعہ کو ریس کورس مسجد کی برقی اور پانی کی سربراہی منقطع کرنے کے معاملے میں سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی فریق کو نوٹس دیے بغیر اس کی برقی اور پانی کی سپلائی بند نہیں کی جاسکتی۔عدالت نے کہا کہ جب مسجد متعلقہ قوانین کے تحت ایک قانونی جائیداد ہے تو مناسب قانونی طریقہ کار اختیار کیے بغیر اس کی برقی اور پانی کی سربراہی منقطع نہیں کی جاسکتی۔ جسٹس سبرامنیم پرساد نے نئی دہلی میونسپل کونسل (این ڈی ایم سی) سے کہا کہ ’’آپ بغیر نوٹس دیے برقی کا کنکشن نہیں کاٹ سکتے۔‘‘عدالت کا یہ تبصرہ مسجد کے امام کی جانب سے دائر نئی عرضی پر سماعت کے دوران سامنے آیا۔ امام نے سنگل جج کے اس حکم کو چیلنج کیا ہے جس میں مسجد کی برقی ور پانی کی سربراہی بحال کرنے سے انکار کردیا گیا تھا۔جسٹس سبرامنیم پرساد اور جسٹس رینو بھٹناگر پر مشتمل بنچ نے اس معاملے میں این ڈی ایم سی اور دہلی وقف بورڈ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں کے اندر جواب داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ عدالت میں اب اس معاملے کی اگلی سماعت 14 دسمبر کو ہوگی۔


