خودکشی کرنے ندی میں چھلانگ لگانے والی خاتون پر مگر مچھ کا حملہ

بنگلورو: زندگی باقی ہو تو چاہے کتنا ہی بڑا حادثہ کیوں نہ پیش آئے انسان بچ جاتا ہے اس بات کی زندہ مثال یہ واقعہ ہے۔ خودکشی کرنے کی غرض سے ندی میں کودنے والی ایک خاتون کو مگرمچھ نے کاٹ لیا جس سے اس کی جان بچ گئی۔
کرناٹک میں پیش آنے والے اس واقعے کی تفصیلات کچھ اس طرح ہیں کرناٹک کے کماردھارا ندی میں ایک خاتون نے خودکشی کرنے کے ارادے سے چھلانگ لگا دی تھی۔ ندی میں کودنے کے دوران اس پر ایک مگرمچھ نے حملہ کر دیا جس پر اس نے چیخ پکار کی اور مقامی لوگوں نے اسے بچا لیا۔
پولیس نے بتایا کہ ذاتی مسائل سے ذہنی اذیت کا شکار ہونے والی خاتون نے خودکشی کی نیت سے ندی میں چھلانگ لگائی تھی اور جب وہ پانی میں تھی تو مگرمچھ نے اسے کاٹ لیا جس پر اس نے مدد کے لیے چیخ پکار کی۔ قریب میں موجود افراد نے اس کی چیخیں سن کر پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس کی ایک ٹیم فوراً جائے وقوعہ پر پہنچی اور مقامی لوگوں کی مدد سے اسے ندی سے باہر نکال کر بحفاظت کنارے پر پہنچایا۔اس کے بعد اسے قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں اسے ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ بعد ازاں پولیس نے بتایا کہ انہوں نے خاتون کے ارکان خاندان سے ملاقات کر کے ان کی کونسلنگ کی اور خاتون کو ان کے حوالے کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے پر کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا ہے اور اہل خانہ کی درخواست پر خاتون کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئی ہیں۔



