
صحافیوں کے مسائل حل کرنے کا تیقن، گھر کے پٹوں کی فراہمی کا وعدہ
حیدرآباد: چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی نے کہا کہ وہ ریاست کے صحافیوں کے مسائل سے پوری طرح واقف ہیں اور ان تمام مسائل کو حل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں صحافیوں کو مکانات کے پٹے فراہم کیے گئے تھے، تاہم سپریم کورٹ نے ان احکامات کو منسوخ کردیا تھا۔ اس مسئلہ کو کسی نہ کسی طرح حل کرتے ہوئے صحافیوں کو دوبارہ مکانات کے پٹے فراہم کرنے کا تیقن دیا۔
ریونت ریڈی نے کہا کہ وہ ریاست کے صحافیوں کے تمام مسائل کو اپنے بچوں کی طرح سمجھتے ہوئے حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ خدا نے انہیں ایم پی ٹی سی، زیڈ پی ٹی سی، رکن اسمبلی، رکن پارلیمنٹ اور چیف منسٹر جیسے تمام عہدوں سے نوازا ہے اور اب عوام کو اس کا بدلہ دینے کی ذمہ داری ان پر عائد ہوتی ہے۔
چیف منسٹر نے بتایا کہ عہدہ سنبھالنے کے بعد انہوں نے ایک دن بھی تعطیل نہیں لی اور روزانہ 18 گھنٹے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سنکرانتی کے بعد وہ اضلاع کا دورہ کریں گے اور عوام کے تمام مسائل سے واقفیت حاصل کریں گے۔
ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کو ملک کی صف اول کی ریاست بنانے کے لیے وہ مسلسل جدوجہد کریں گے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مقصد میں ان کا ساتھ دیں۔


