کرناٹک میں ووٹر لسٹ سے لاکھوں مسلم ووٹرس کے نام غائب! مسلم تنظیم کا الیکشن کمیشن سے جواب طلب

بنگلورو: کرناٹک راجیہ مسلم اوکّوٹا (کے آر ایم او) نے اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) کے دوران ووٹر لسٹوں سے بڑے پیمانے پر نام حذف کئے جانے پر الیکشن کمیشن آف انڈیا سے وضاحت طلب کی ہے۔ تنظیم نے الزام لگایا کہ مسلم ارکان اسمبلی کے نمائندگی والے حلقوں میں ووٹرس کے نام حذف کرنے کی شرح ریاستی اوسط سے کہیں زیادہ ہے اور متاثرین میں مسلمانوں کا تناسب بھی غیر معمولی ہے۔
تنظیم کے مطابق، الیکشن کمیشن کے بوتھ سطح کے اعداد و شمار کے تجزیے میں مسلم ارکان اسمبلی کے 10 حلقوں میں مجموعی طور پر 27.59 فیصد ووٹرس کے نام حذف کئے گئے، جبکہ ریاست کی اوسط شرح 19.45 فیصد رہی۔ ان حلقوں کی 2025 کی ووٹر لسٹ میں 9,62,359 مسلم ووٹرس تھے، جن میں سے 2,46,759 یعنی 25.64 فیصد کے نام حذف کردیئے گئے۔ اسی طرح 64 مسلم اکثریتی حلقوں میں 8.80 لاکھ سے زائد مسلم ووٹرس کے نام نکالے گئے۔
کے آر ایم او نے بتایا کہ ریاست بھر میں غیر حاضر قرار دے کر حذف کئے گئے 15,15,088 ووٹرس میں 2,58,770 مسلمان تھے، جبکہ دوسری جگہ پہلے سے اندراج کے زمرے میں حذف کئے گئے 7,08,666 ناموں میں 1,43,940 مسلمانوں کے تھے۔
تنظیم نے سوال اٹھایا کہ غیر حاضر یا دوسری جگہ درج ہونے کی بنیاد پر نام حذف کرنے سے پہلے مناسب تصدیق کی گئی یا نہیں؟ اس نے الیکشن کمیشن سے ایس آئی آر عمل منسوخ کرنے، سابقہ ووٹر لسٹیں بحال کرنے اور پورے معاملے کی عدالتی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ بنگلورو کے چامراج پیٹ میں سب سے زیادہ 1,07,722 نام حذف کئے گئے، جبکہ گلبرگہ نارتھ میں 1,05,257، میسورو کے نرسمہاراجہ میں 99,367 اور بنگلورو کے شیواجی نگر میں 81,230 نام ووٹر لسٹ سے نکالے گئے۔
تنظیم نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن واضح کرے کہ غیر حاضر قرار دیئے گئے ووٹرس کے گھروں پر بوتھ سطح کے عہدیداروں نے کتنی مرتبہ دورے کئے اور تصدیق کا عمل کس بنیاد پر مکمل کیا گیا۔



