جنرل نیوز

مولانا آزاد کی زندگی اور خدمات پر مبنی کوئز کتاب کا وائس چانسلر مانو پروفیسر سید عین الحسن کے ہاتھوں اجراء

حیدرآباد، 10 نومبر 2026 (پریس ریلیز): مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی (مانو) کے وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن نے ممتاز مجاہد آزادی اور ملک کے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کی زندگی اور خدمات پر مبنی ایک خصوصی کوئز کتاب کا اجراء انجام دیا۔

 

ایسوسی ایشن آف مائنارٹی ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز (AMEI) کی جانب سے مرتب کردہ اس کتاب میں مولانا آزاد کی حیات، تعلیمی خدمات، قومی و ملی کارناموں اور تعلیمی افکار پر مبنی ملٹی پل چوائس سوالات شامل ہیں۔

 

اس موقع پر اے ایم ای آئی کے ایک وفد نے پروفیسر سید عین الحسن سے ملاقات کی اور انہیں کتاب پیش کی۔ وفد نے وائس چانسلر کو 19 نومبر 2026 کو منعقد ہونے والی ایوارڈ تقریب میں شرکت کی دعوت بھی دی۔ اس تقریب میں مولانا ابوالکلام آزاد کے یومِ پیدائش، یعنی قومی یومِ تعلیم کے موقع پر منعقدہ کوئز مقابلوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ میں میڈلز تقسیم کیے جائیں گے۔ یہ تقریب حیدرآباد کے ریڈ ہلز میں واقع کے ایل این پرساد آڈیٹوریم میں منعقد ہوگی۔

 

اس موقع پر اے ایم ای آئی کے صدر جناب انور احمد نے کہا کہ مولانا آزاد کی تعلیمی خدمات، افکار اور نظریات کو نئی نسل تک پہنچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ریاست کے تمام اسکولوں اور تعلیمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ 11 نومبر کو قومی یومِ تعلیم پورے جوش و خروش کے ساتھ منائیں اور طلبہ میں مولانا آزاد کی شخصیت، خدمات اور تعلیمی نظریات سے متعلق شعور بیدار کرنے کے لیے خصوصی پروگرام منعقد کریں۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے قومی یومِ تعلیم کو ریاست کے سرکاری تعلیمی کیلنڈر میں شامل کیا جانا ایک اہم اور قابلِ ستائش قدم ہے۔ اے ایم ای آئی اس اقدام کے لیے حکومتِ تلنگانہ کی تہہ دل سے شکر گزار ہے۔ یہ فیصلہ قومی یومِ تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور نئی نسل میں مولانا آزاد کی خدمات سے متعلق شعور بیدار کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

 

اے ایم ای آئی کی اپیل پر ریاست بھر کے 100 اسکولوں میں مولانا آزاد کی زندگی اور خدمات پر مبنی کوئز مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ ان مقابلوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو 19 نومبر کی تقریب میں میڈلز سے نوازا جائے گا۔

 

اے ایم ای آئی کے وفد میں صدر جناب انور احمد کے ساتھ نائب صدر جناب وقار احمد خالد، خزانچی ڈاکٹر محمد انور اور عامر حسین شامل تھے۔ اس موقع پر کتاب کی رسمِ اجراء میں ڈاکٹر جمال الدین خان، ڈپٹی رجسٹرار مانو، پروفیسر علیم باشاہ، ڈین فیکلٹی آف سائنسز مانو، اور ڈاکٹر محمد شاہد، اسسٹنٹ پروفیسر، سول سرویسس اکیڈمی مانو نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button